سیاست

پیپلز پارٹی کا تین نکاتی ایجنڈا بد امنی ، کرپشن اور فرقہ واریت ہے ۔ شمس میر، صوبائی مشیر اطلاعات گلگت بلتستان

گلگت ( پ۔ر) صوبائی مشیر اطلاعات گلگت بلتستان شمس میر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا تین نکاتی ایجنڈا بد امنی ، کرپشن اور فرقہ واریت ہے ۔ صوبائی حکومت نے ایکشن کمیٹی اور انجمن تاجران کے تعاون سے علاقے کو ایک بڑے بحران سے نکالا جبکہ پیپلز پارٹی کی نام نہاد قیادت اپنے روایتی ایجنڈے کے تحت اس پورے بحران میں سازشوں اور افواہوں کے ذریعے علاقے میں بد امنی پھیلانے کی بھر پور کوششوں میں مصروف تھی ۔ پیپلز پارٹ یجو ایڈاپٹیشن ایکٹ 2012کی خالق تھی اور جس شخص نے اپنے دستخطوں سے مذکورہ ایکٹ کو گلگت بلتستان میں نافذ کیا دھرنے کے دوران وہی شخص استقبالیہ کیمپ لگا کر عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کرہا تھا ۔ یعنی پیپلز پارٹی کا کردار اس بحران کے دوران بھیڑ کی کھال میں بھیڑیا کا تھا ۔ یہ جماعت ماضی میں بھیڑیے کی طرح لاشیں گراتی رہی اور ٹیکس ایشو کے دوران بھی اس جماعت کے یہی عزائم تھے کہ لاشیں گریں ۔ پیپلز پارٹی کا منشور ، مزاج اور ایجنڈا صرف اور صرف تصادم اور لڑاؤ والی پالیسی جس سے وہ اپنے مردہ سیاسی جسم میں جان ڈالنے کی ناکام کوششوں میں مصروف عمل ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کیا۔

صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تمام جمہوری تقاضوں پر عمل کرتے ہوئے افہام و تفہیم کی پالیسی کو اپنایا اور انجمن تاجران و ایکشن کمیٹی کے ساتھ ملکر ٹیکس ایشو کو حل کیا ۔ جس سے پیپلز پارٹی کے مزموم عزائم کو دھچکا لگا اور وہ آج خود اپنے زخم چاٹ رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے جس دانشمندی اور رواداری سے ٹیکس کا مسئلہ حل کرکے پیپلز پارٹی کے دانت کھٹے کئے ہیں اسی طرح وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمن آئینی اصلاحات عوامی امنگوں کے مطابق منظور کرواکر پیپلز پارٹی کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت آئینی اصلاحات کے ذریعے گلگت بلتستان میں شفاف گورننس ، پر امن سیاسی روایات اور مضبوط معاشی روٹ میپ کا آغاز کریگی ۔ اس کے علاوہ آئینی اصلاحات کے تحت قومی اداروں میں گلگت بلتستان کی بھر پور نمائندگی اور نوجوانوں کیلئے خوشحال مستقبل کی ضمانت دی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی وفاقی اور صوبائی حکومت نے ثابت کیا ہے کہ اپنے عملی اقدامات سے عوام کے دل جیتیں گے ۔ مسلم لیگ ن پیپلز پارٹی کے کھوکھلے نعروں ، جھوٹی افواہوں اور گمراہ کن پروپیگنڈوں کی پرواہ کئے بغیر گلگت بلتستان میں سیاسی ، سماجی اور مذہبی رواداری کو فروغ دیکر کاروباری ، معاشی اور سیاحتی ترقی کے عمل کو یقینی بنائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ امجد ایڈووکیٹ اینڈ کمپنی کا گزشتہ دور حکومت گلگت بلتستان کے عوام ابھی بھولے نہیں جہاں ہنزہ سے لیکر شاہراہ قراقرم تک کوئی محفوظ نہیں تھا اور گلگت لہو لہان تھا جبکہ آج گلگت بلتستان میں شہید امن سیف الرحمن خان کے وارث سفیر امن وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے سیاسی رواداری کی عظیم الشان مثال قائم کرکے لانگ مارچ سے لیکر اتحاد چوک کے دھرنے تک سیاسی افہام و تفہیم کی مثالی بنیادیں قائم کی ہیں جہاں پر امن سیاسی سرگرمیوں کو پر امن ماحول فراہم کیا اور جمہوریت کی روح مذاکرات کے ذریعے حل نکالا ۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت مستقبل میں بھی عوامی مفادات کیلئے پر امن مذاکراتی عمل اور ڈائیلاگ کی روایات کو فروغ دے گی تاکہ امجد ایڈووکیٹ اینڈ کمپنی جیسے لوگ عوام کے جذبات اور احساسات سے کھیل نہ سکے ۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button