آئیے اپنی دنیا کو سمجھیںبچوں کی دنیا

کیا شتر مرغ(Ostrich)بہت اچھا باپ ہوتاہے؟

شتر مرغ پرندوں میں سب سے بڑاہے مگر وہ اڑنہیں سکتا۔ شتر مرغ ہزاروں سالوں کے دوران اس قدر بڑاہوگیاہے کہ اس کے لیے اڑناممکن نہیں رہا۔ اس کے پَر، اب بھی ہیں مگر وہ اتنے بڑے اور طاقتورنہیں کہ شتر مرغ کے بھاری جسم کو اٹھاسکیں۔ اڑنے کی بجائے، شتر مرغ دوڑتاہے۔ اس کی ٹانگیں بہت مضبو ط ہیں اوریہ مقابلے کی دوڑ میں بھاگنے والے گھوڑے کے برابر دوڑ سکتاہے۔ بھاگتے وقت وہ اپنے پروں کوسیدھا رکھتاہے اور ایساکرنے سے اسے بھاگنے میں مددملتی ہے۔

شتر مرغ، افریقہ کے خشک میدانوں میں رہتاہے ۔ وہ بڑے بڑے جُھنڈوں میں رہتے ہیں۔ شتر مرغوں کے جھنڈ میدانوں میں خوراک کی تلاش میں گھومتے رہتے ہیں۔ وہ عام طورپر پودے وغیرہ کھاتے ہیں مگر کبھی کبھار رینگنے والے جانوروں کوبھی کھالیتے ہیں۔جن میدانوں میں شتر مرغ رہتے ہیں ، وہاں پانی کی کمی رہتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انھوں نے پانی پیئے بغیر گزارہ کرنا سیکھ لیاہے۔ اگر انھیں ہر ے پودے کھانے کے لیے ملتے رہیں تو وہ کئی دن پانی پیئے بغیرزندہ رہ لیتے ہیں۔

انڈوں سے بچے نکالنے کے لیے بچوں کی ماں اور باپ دونوں مل کر انڈوں پر بیٹھتے ہیں۔ باپ ریت میں گڑھابناتاہے اور اس جگہ بیٹھ جاتاہے ۔ ماں انڈے دیتی ہے اور انھیں باپ کے پروں کے نیچے دھکیل دیتی ہے۔ باپ ہر روز سہ پہر سے لے کر اگلی صبح تک انڈوں پر بیٹھتاہے۔ باقی وقت ماں ا نڈوں کو سیتی ہے۔ جب انڈوں سے بچے نکل آئیں تو دونوں مل کر بچوں کی حفاظت اورکھانے کاخیال کرتے ہیں۔ خطرے کی صورت میں دونوں میں سے ایک حملہ کرنے والے جانور کامقابلہ کرتاہے اور دوسرا فوراًبچوں کومحفوظ جگہ تک لے جاتاہے۔ اگر شتر مرغ کولڑائی مارکٹائی کی ضرورت پیش آجائے تو وہ بہت اچھے طریقے سے لڑ لیتاہے۔ اس کا پنجہ اس قد رطاقتورہوتاہے کہ اس سے شیر کے جسم کوبھی چیراجاسکتاہے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button