ریڈیو پاکستان گلگت اور سکردو میں ملازمین یونین کے انتخابات

گلگت(نامہ نگار) ریڈیو پاکستان گلگت اور سکردو میں جمعے کے روز ملک بھر کے ریڈیو اسٹیشنوں کی طر ح یونین کے انتخابات ہوئے ،انتخابات میں یونائیٹڈ اسٹاف آرگنائزیشن اور ورکر یونین مد مقابل تھے ،یونین کے انتخابات کے سلسلے میں ریڈیو پاکستان گلگت اور سکردو میں انتظامات کئے گئے تھے،پولنگ صبح 9بجے شروع ہوئی اور بغیر کسی وقفے کے دوپہر چار بجے تک جاری رہی اس دوران ریڈیو پاکستان گلگت اور سکردو کے عملے نے اپنا حق رائے دہی کا استعمال کیا ،ووٹنگ کے عمل کے مکمل ہونے کے بعد پولنگ ایجنٹوں کی موجودگی میں ووٹوں کی گنتی کی گئی ،غیر حتمی نتائج کے بعد مطابق یونائیٹڈ اسٹاف آرگنائزیشن نے دونوں اسٹیشنوں میں ورکر یونین کو بھاری اکثریت سے ہرا دیا ،انتخابات کے غیر حتمی نتائج کے اعلان کے بعد یونائیٹڈ اسٹاف آرگنائزیشن کے عہدیداران نے جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔بعد میں ریڈیو پاکستان گلگت کے اسٹیشن ڈائریکٹر محمد جاوید باجوہ نے یونائیٹڈ اسٹاف آرگنائزیشن کی کامیابی پر عہدیداران کو مبارکباد دی اور توقع ظاہر کی کہ وہ ادارے کی فلاح وبہبود اور ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے کلیدی کردار ادا کریں گے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments