چترال ( محکم الدین ) موسم بہار کا پہلا فیسٹول جشن کاغلشٹ جمعرات کے روز آٹھ ہزار فٹ بلند سیاحتی مقام کاغلشٹ میں شروع ہو ا۔ جو چاردن تک جاری رہے گا ۔ ڈپٹی کمشنر چترال ارشاد سدھر نے فیسٹول کا افتتاح کیا ۔ اس موقع تحصیل نائب ناظم مستوج فخرالدین ، ممبر نیشنل اسمبلی دیر نصرت بیگم ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر منہاس الدین ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر چترال احسان الحق ، اسسٹنٹ کمشنر مستوج اون حیدر گندل ، کیپٹن (ر) شہزادہ سراج الملک ، ڈسٹرکٹ آفیسر فنانس اینڈ پلاننگ محمد حیات شاہ ،لینڈ سٹلمنٹ آ فیسر مظہر علی شاہ ، ای اے سی مستوج محمد صالح ، اے ڈی ای او ایجوکیشن عبدالرحمت ،زونل منیجر ٹیلی نار محمد نجم ثاقب ٹی ایم او مستوج کر یم اللہ کے علاوہ پر تماشائیوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی ۔ ڈپٹی کمشنر نے معروف کلوکار عبدالولی خان دول اور ستارنواز میر ولی کے ہمراہ کاغلشٹ میں پر چم کُشائی کی ۔ اس موقع پر مختلف سکولوں کے طلباء نے قومی ترانہ اور ملی نغمے پیش کئے ۔ ڈپٹی کمشنر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ کہ چترال سیاحوں کی جنت ہے ۔ اور یہ ضلع کلچر کے خزانوں سے مالا مال ہے ۔ اس لئے ہماری کوشش ہے ۔ کہ پاکستان اور دنیا کے لوگ سیاحت کیلئے یہاں آئیں ۔ اور لوگوں کی محبت اور پُر سکون ماحول میں تفریح کا لطف اُٹھائیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ اس مرتبہ ہم نے کئی نئے کھیل فیسٹول میں شامل کئے ہیں ۔ اور ہمیں امید ہے ، کہ بہت بڑی تعداد میں سیاح فیسٹول میں شرکت کریں گے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ضلعی انتظامیہ اور ٹورزم کارپوریشن کی ذمہ داری ہے ۔ کہ وہ اس قسم کے پروگرامات کو پروموٹ کریں ۔ اس میں ٹیلی نار کی شمولیت قابل تعریف ہے ۔ اسے دیکھا دیکھی دیگر کمپنیاں بھی حصہ لیں گی ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ پولو ایک مہنگا ترین کھیل ہے ۔ جسے چترال کے لوگوں نے صرف اپنی بے پناہ لگاؤ کی بدولت زندہ رکھا ہے ۔ اور یہ اس علاقے کی پہچان ہے ۔ تاہم اس کی بقا کیلئے دیگر اداروں کی سپورٹ انتہائی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ چترال میں انٹر نیشنل سطح کی کھلاڑیاں پیدا ہو سکتی ہیں ۔ بشر طیکہ ان کو سپورٹ کیا جائے ۔ قبل ازین تحصیل نائب ناظم مستوج فخرالدین نے اپنے خطاب میں کہا ۔ کہ فیسٹولز کا چترال کی ترقی میں بہت بڑا کردار ہے ۔ چترال کا سب سے اہم پراجیکٹ لواری ٹنل ، گولین ہائیڈل پاور پراجیکٹ سمیت کئی میگا منصوبے فیسٹول کے موقع پر اعلانات سے ہی مکمل ہوئے ۔ فیسٹول سے ہمارے نوجوان باشعور ہو رہے ہیں ۔ اور اُنہیں صحت مند تفریح میسر آنے کے ساتھ ساتھ کاروبار کے مواقع ملتے ہیں ۔ جبکہ چیرمین جشن کاغلشٹ کمیٹی پرنس سلطان الملک نے کہا ۔ کہ یہ جشن ریاستی دور سے ہوتا ہوا آیا ہے ۔ اور اس کا مقصد چترال کی ثقافت کا تحفظ کرنا اور اُسے اُجاگر کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ڈسٹرکٹ انتظامیہ کا تعاون قابل تعریف ہے ۔ تاہم اس جشن کو اپنی مرضی سے منانے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی ۔ اور وہی لوگ اس کو بہتر طور پر انجام دے سکتے ہیں ۔ جوصدیوں سے اسے انجام دیتے آئے ہیں ۔جشن کاغلشٹ ٹورزم کارپوریشن خیبر پختونخوا ، ٹیلی نار ، آغا خان رورل سپورٹ پروگرام ، سرحد رورل سپورٹ پروگرام تحصیل میونسپل ایڈ منسٹریشن مستوج اور ضلعی انتظامیہ چترال کے اشتراک سے منایا جا رہا ہے ۔ فیسٹول میں چترال کے معروف کھیل پولو ، پہاڑی دوڑ ، والی بال ، کرکٹ ، رسہ کشی ، نشانہ بازی کے مقابلے شامل ہیں ۔ جبکہ مقامی نوجوان چار دنوں تک مسلسل پیراگلائڈنگ کا مظاہرہ کریں گے ۔ اور مشاعرہ اور کلچر شو منعقد کئے جائیں گے ۔ ۔ یہ جشن چار دن تک جاری رہے گا ۔ اور اس میں سیاحوں کی ایک بڑی تعداد حصہ لے رہی ہے ۔
پامیر ٹائمز
پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔
یہ بھی پڑھیں
Close