اہم ترین

اصلاحاتی پیکیج گمراہ کن دستاویزات کا پلندہ، عوام اور عدالت کی توہین ہے ، آغا علی رضوی

سکردو ( پ ر)مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سربراہ آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آئینی اصلاحاتی پیکیج گمراہ کن دستاویزات کا پلندہ اور گلگت بلتستان کے لاکھوں عوام کی توہین ہے جسے یکسر مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحاتی پیکیج کے نام پر حقوق سے محروم گلگت بلتستان کو غلامی کی طرف دھکیلنے کی کوشش ہے۔ پیکیج میں وزیراعظم کو اس خطے کے سفید و سیاہ کامالک بنانے کی کوشش کی ہے جس خطے کے عوام کو نہ وزیراعظم کے انتخاب کے عمل میں کوئی حق ہے اور نہ ہی اس پارلیمنٹ میں کوئی جگہ موجود ہے جس کے ذریعے وزیراعظم کا انتخاب ہوتا ہے۔ ایسے میں وزیراعظم کو یہاں لاگو کرنا غیرآئینی و غیرقانونی عمل ہے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ اس نام نہاد اصلاحاتی پیکیج سے واضح ہوتا ہے کہ مسلم لیگ نون جمہوری اقدار سے نہ صرف نابلداور ناآشنا ہے بلکہ آمرانہ و بادشاہانہ سوچ کی حامل جماعت ہے۔ ہم گلگت بلتستان کے عوام پر زور زبردستی کے قانون کو کسی صورت نافذ ہونے نہیں دیں گے۔نام نہاد اصلاحاتی پیکیج میں جی بی کی عدالتوں کو جس طرح پابند کیا گیا ہے اسکی مثال مہذب دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔ جی بی کی عدالتوں کی جس انداز میں توہین کی ہے اس پر عدالتوں کو خاموش نہیں رہنی چاہیے اور سپریم کورٹ سے درس لیتے ہوئے اس پیکیج کو منظر عام پر لانے والے حکمرانوں کا محاسبہ کرنا چاہیے کہ کیوں انہوں نے دانستہ طور پر عوامی مینڈیٹ کی توہین کرنے اور عدالتوں کو مذاق بنانے کی کوشش کی۔ نہایت افسوسناک مرحلہ ہے کہ وفاقی حکومت یہاں کے کے عوام کی ستر سالہ حب الوطنی کا صلہ مزید محرومیوں میں دھکیل کر دے رہی ہے جو کہ کسی صورت پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے۔ صوبائی حکومت کے ایک عرصے سے یہاں کے عوام اور اسمبلی کو بااختیاز بنانے کے دعووں کی قلعی اب کھل گئی ہے اور واضح ہوگیا ہے کہ مسلم لیگ نون کی صوبائی حکومت اس خطے کی ترقی کی خواہاں نہیں بلکہوفاقی حکومت کی کاسہ لیسی کو اعزاز سمجھتی ہے۔ صوبائی حکومت میں امید ہے ایسے لیگی رہنما بھی موجود ہونگے جو عوام پرڈھائے جانے والے اس ظلم کی بے جا حمایت کرنے کی بجائے خطے سے وفاداری کا ثبوت دیتے ہوئے اس پیکیج کو مسترد کریں گے اور اس کی آڑ میں نافذ کرنے والے ٹیکسز کو بھی مسترد کریں گے۔ عوام دشمن فیصلے کے خلاف میدان میں آنے والے حکمرانوں کو عوام قدر کی نگاہ سے بھی دیکھیں گے اور تاریخ بھی انہیں اچھے ناموں سے پکارے گی۔ ایم ڈبلیو ایم جی بی کے رہنماء نے مزید کہا کہ ستر سالوں سے وفاقی حکومتوں نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ بھی نہیں دیا جب کہ وطن عزیز کے استحکام و ترقی میں اس خطے کے انسانی و قدرتی وسائل کا عمل دخل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے اب اس خطے کی تقدیر اور مستقبل کو اس عوام کے ہاتھ میں دینے کے لیے نہ صرف اس ظالمانہ پیکج کے خلاف تحریک کا آغاز کریں گے بلکہ اس خطے کے عوام کو بااختیار بناکر دم لیں گے۔مزید کسی بھی جماعت کو اس خطے کے عوام کے ساتھ مزید مذاق کرنے نہیں دیں گے۔ ملک بھر کے عام انتخابات کے ساتھ جی بی میں انتخابات جب تک نہ ہو وفاقی حکومت یہاں کی مینڈیٹ چراتی رہے گی اور من پسند کے فیصلے نافذ کرتے رہیں گے۔ جی بی اسمبلی کو جب تک آزاد و خود مختار نہیں بنایا جاتا اور وزیراعظم کے اختیارات کو محدود نہیں کیا جاتا اس خطے میں خوشحالی کبھی نہیں آسکتی۔ جس خطے کے عوامی نمائندوں کے ووٹ اور عوام کے ووٹ کی ضرورت وزیراعظم کو نہ ہو وہ کبھی عوام کے حقوق کا دفاع نہیں کریں گے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button