خبریں

سول ہپستال علی آباد ہنزہ میں‌بغیر اشتہار و امتحان دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے تین افراد تعینات

ہنزہ ( اجلال حسین )عوام ہنزہ کے ساتھ ایک اور زیادتی، سول ہسپتال ہنزہ علی آباد میں گریڈ 9کے تین ملازمین بغیر اشتہار و امتحان کے محکمہ کے بالا حکام نے تعینات کر دیے۔

حکومت گلگت بلتستان نے عوام ہنزہ کے ساتھ ایک دفعہ پھر سوتلی ماں کا سلوک کرتے ہوئے گزشتہ روز بغیر کسی اشتہار و امتحان کے سول ہسپتال علی آباد میں سیکیل 9کے تین اسامیاں، بشمول دو لیب ٹیکنیشن اور ایک ایکسرے ٹیکنیشن اچانک تعینات کردیا۔ اچانک تعیناتی سے عوامی سطح پر تشویش اور بے چینی پائی جارہی ہے۔ 9 ماہ قبل ان اسامیوں کے لئے اشتہار دیا گیا تھا، لیکن مختلف وجوہات کی بنا پر امتحان ملتوی کیا گیا تھا اور امیدواروں کو امتحان ملتوی ہونے کی اطلاع بھی دی گئی تھی۔ لیکن، اب، اچانک ہی تین امیدواروں کو تعینات کر کے ٹیسٹ کے لئے تیار امیدواروں کو حیرت میں ڈال دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ تعینات ہونے والے تینوں ملازمین کا تعلق ہنزہ سے نہیں ہے۔

ضلع ہنزہ کے عوام اس وقت سیاسی یتیم ہو چکے ہیں، جس کی وجہ سے اہم معاملات پر عوام ہنزہ کی نمائندگی کوئی بھی نہیں کررہا ہے۔ ایسے میں عوام میں تشویش اور مایوسی پھیل رہی ہے۔ غیر قانونی بھرتیوں نے مایوسی میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

عوامی حلقوں اور ان اسامیوں کے متعلقہ امیدواروں نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان ، فورس کمانڈر گلگت بلتستان اور چیف سیکرٹری گلگت بلتستان سے پرُزور مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع ہنزہ ایک پرامن سیاحتی ضلع ہے مگر علاقے کے عوام سیاسی یتیم بن چکے ہیں ان کا کوئی پرُ سان حال نہیں ہے علاقے کے نمائندے اپنے گھر یلو مسائل میں الجھے ہوئے ہیں اور عوام بے یار مدد گار پڑے ہیں۔ انہوں نے اپیل کیا ہے کہ عوام ہنزہ اور امیدواروں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت ہنزہ میں گزشتہ روز ہونے والی بھرتی اسامیوں کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے ہنزہ سے تعلق رکھنے والے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روز گار کا موقع دینے میں اپناکردار ادا کرے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button