شگر کے یونین کونسل داسو میں اساتذہ کی کمی
شگر(نامہ نگار) محکمہ تعلیم شگر کی جانب سے یونین کونسل داسو کی ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک جاری۔ این ٹی ایس کے ذریعے تعینات دو اساتذہ کا دوسری جگہ تبادلہ کردیا گیا۔ مزید ایک ٹیچر تبادلے کیلئے پر تولا جا رہا ہے۔ اساتذہ کا بحران شدت اختیار کرگیا۔زیادتی بند نہ ہوئی تو سخت احتجاج پر مجبور ر ہوں گے۔ داسو کے ایل پی سی پر تعینات اساتذہ کو فوراً واپس لایا جائے۔
اسلامی تحریک شگر کے رہنماء و تعلیمی کمیٹی کے ممبرشیخ ہاشم نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم شگر نے ہمیشہ یونین کونسل داسو کیساتھ زیادتی کی ہے۔ داسو کے ایل پی سی پر دیگر علاقوں سے اساتذہ کی تعیناتی یہاں کے پڑھے لکھے افراد اور علاقے کیساتھ ظلم ہے۔کیونکہ دیگر علاقوں سے تعینات اساتذہ سفارش کے بل بوتے پر اپنے علاقوں میں تبادلہ کرکے واپس جاتے ہیں اس طرح سکول میں اساتذہ کا بحران پیدا کرتے ہیں۔لہذا داسو کو ہارڈ ایریا قرار دیکر مقامی افراد کو تعینات کیا جائے۔
انہوں نے محکمہ تعلیم کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور داسو ہائی سکول کی سیٹ پر تعینات اساتذہ کو فور طور واپس کیا جائے ورنہ سخت احتجاج کیا جائے گا۔