سیاست

کوہستان انتخابات:‌ آزاد امیدوار روزی خان ڈاکٹر سیف الرحمن کے حق میں‌ قرعہ اندازی کے بعد دستبردار

کوہستان(نامہ نگار) کوہستان، حلقہ پی کے 27سے آذاد اُمیدوار روزی خان آزاد اُمیدوار ڈاکٹر سیف الرحمن کے حق میں دستبردار ہوگئے ۔ دونوں اُمیدواروں کے مابین قوم نے قرعہ ڈالا تو فال ڈاکٹر سیف الرحمن کے حق میں نکلا،بعدازاں روزی خان نے حامیوں سمیت آذاد اُمیدوارڈاکٹر سیف الرحمن کی حمایت کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع کولئی پالس کے حلقہ پی کے 27جہاں کل رجسٹر ڈووٹرز کی تعداد 38176ہے جس میں کئی اُمیدوار آمنے سامنے ہیں جن میں پی ٹی آئی کے اقبال خان ، قومی وطن پارٹی کے مولانا عصمت اللہ ، پالس قومی اتحاد کے مفتی عبیدالرحمن اور کولئی پالس عوامی اتحاد کے ڈاکٹر سیف الرحمن اس ایک نشست کیلئے پنجہ آزمائی کررہے ہیں۔ گزشتہ روز حلقہ پی کے 27حلقہ میں ڈرامائی تبدیلی اُس وقت آئی جہاں قرعہ اندازی کے ذریعے آزاد امیدوار حاجی روزی خان کو ڈاکٹر سیف الرحمن کے حق میں دستبردار ہونا پڑا، گزشتہ الیکشن میں روزی خان نے اُس حلقہ سے تیرہ سو سے زائدووٹ لئے تھے ۔ اس ضمن میں سیر غازی آباد اور کولئی کے مقام پر تقاریب کا اہتمام ہوا ،جس کے لئے ڈاکٹر سیف الرحمن کی ریلی سینکڑوں گاڑیوں کا جلوس لیکر بشام سے سیر غازی آباد پالس آئی جہاں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ،مقررین نے مٹکے کو ووٹ دینے کا مطالبہ کرنے کے ساتھ ساتھ مخالفین پر خوب تنقید کی۔ بعدازاں ریلی روزی خان کی دعوت پر کولئی جاپہنچی جہاں کولئی کے پرفضا مقام پر جلسے کا انعقاد کیا گیا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے روزی خان نے علاقائی پانچ رکنی کمیٹی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور اُن کے ہر موڑ پر دوغلا پن کو کھل کر عوام کے سامنے رکھا اس کے ساتھ انہوں نے تیس رکنی نئی کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا اور ضلع کولئی پالس کے مفاد کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ آزاد امیدوار ڈاکٹر سیف الرحمن نے پی ٹی آئی کے نامزد اُمیدوار اقبال خان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ ووٹرز کا ضمیر خریدنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اقبال خان نے کولئی کے روڈ کیلئے مقررکردہ اٹھارہ کروڑ روپے کھائے اور اب ان پیسوں کے ذریعے عوامی ضمیر خریدنا چاہتاہے لیکن کولئی کے غیر ت مند لوگ امپورٹڈ نمائندے کو مسترد کردینگے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تعصب سے بالا تر ہوکر کولئی پالس عوامی اتحاد بنایا ہے ،کامیابی کے بعد تمام حلقے کی بلا تفریق خدمت کرونگا۔ اس موقع پر سابق ایم پی اے مفتی محمود عالم، ملک ذادہ اورنگزیب و دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے آذاد اُمیدوار ڈاکٹر سیف الرحمن کو ووٹ دینے کی اپیل کی ۔
Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button