اہم ترینخبریں

گلگت، سٹریٹ چلڈرن کیلئے چائلڈ پروٹیکشن سنٹر کا افتتاح  

گلگت(پ ر) گلگت شہر میں سٹریٹ چلڈرن کیلئے الخدمت فاونڈیشن گلگت بلتستان نے چائلڈ پروٹیکشن سنٹر کا افتتاح کر دیا۔ اس سنٹر کا مقصدبچوں کے تحفظ و بحالی اور ان کو انکا بچپنا واپس دلانا اور انکو تعلیم کی طرف راغب کرنا ہے۔

سنٹر کی افتتاحی تقریب ریڈ فاونڈیشن سکول اینڈ کالج جوٹیال میں منعقد ہوئی۔

تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی سیکریٹری سوشل ویلفیئر محمد جعفر نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن گلگت بلتستان ایسے پروجیکٹس کے ذریعے ہمارے ہاتھ مضبوط کر رہی ہے۔ گلگت بلتستان میں ایسے سنٹر کا قیام جسمیں سکولوں سے باہر بچوں کو تعلیم کی طرف راغب کرنا احسن اقدام ہے۔ عنقریب سوشل ویلفیئر چائلڈ پروٹیکشن کمیشن کا قیام عمل میں لا رہا ہے۔
الخدمت فاونڈیشن گلگت بلتستان کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ فلاحی ادارے ہمارا دست و بازو ہیں ، مستقبل میں الخدمت فاونڈیشن کے ساتھ پراجیکٹس کرینگے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل ہیڈ ڈبلیو ڈبلیو ایف سعید عباس بیتھم نے کہا کہ معاشرے میں مشقت اٹھانے والے بچوں کی تربیت کرنا بحیثیت شہری ہمارا فرض ہے۔ الخدمت فاونڈیشن نے یہ قدم اٹھا یا ہے اسے مستحکم کرنا اور اس کام کو پھیلانا معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے سنٹر کے طلبہ کیلئے سٹیشنری اور سنٹر کیلئے 50 ہزار روپے کا اعلان بھی کیا۔

تقریب سے اپنے خطاب میں سرپرست الخدمت فاونڈیشن و معروف سکالر سید عبدالجلال نے کہا کہ دین اسلام ہمیں انسانیت کا درس دیتا ہے ، شعبہ خدمت رضائے الہی کے حصول کیلئے ایک سیڑھی کی مانند ہے۔

ڈائریکٹر سپیشل ایجوکیشن عبدالحکیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ الخدمت فاونڈیشن کے ساتھ سپیشل ایجوکیشن نے باہمی اشتراک سے کئی سرگرمیاں کیں ہیں ، گلیوں میں کوڑا کرکٹ اٹھانے والے ، بھیک مانگنے والے اور مشقت اٹھانے والے بچوں کی تربیت کا اہتمام کر کے الخدمت نے احسن اقدام اٹھایا ہے۔

تقریب سے اپنے خطاب میں صدر الخدمت فاونڈیشن گلگت بلتستان حبیب الرحمن نے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن گلگت بلتستان گزشتہ آٹھ سالوں سے سات شعبوں میں دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں۔ الخدمت نے دیگر پراجیکٹس کے ساتھ ساتھ چائلڈ پروٹیکشن سنٹر کا بھی قیام عمل میں لایا ہے تاکہ ایسے بچوں کی نشاندہی اور رہنمائی کی جا سکے جو اس معاشرے میں اپنا بچپن کھو بیٹھے ہیں ، ایسے بچے جنھوں نے سکول نہیں دیکھا اور مختلف وجوہات کی بنا پر محنت مزدوری کرنے پر مجبور ہیں ایسے بچے معاشرے سے کٹ جسمانی اور نفسیاتی مسائل کا شکار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سنٹر کے قیام کا مقصد ایسے بچوں کی تربیت اور رہنمائی کرنا ، انہیں تعلیم کی طرف راغب کرنا اور انکا بچپنا واپس دلانا ہے۔

صدر الخدمت فاونڈیشن گلگت بلتستان نے تقریب کے مہمانوں کو ادارے کی طرف سے یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں نے فیتہ کاٹ کر سنٹر کا افتتاح کیا ، جبکہ بچوں میں لنچ بکس اور تحفے تقسیم کئے گئے ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button