عوامی مسائل

یاسین میں سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) کے خلاف احتجاجی مظاہرہ، انٹرنیٹ اور موبائل سروس بہتر بنانے کا مطالبہ

یاسین(نامہ نگار) ضلع غذر کے سب ڈویژن یاسین میں اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) کی ناقص انٹرنیٹ سروس اور زیادہ تر علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس کی عدم فراہمی کے خلاف نوجوانان علاقہ نے طاؤس چوک سے ایس سی او ایکسچینج تک احتجاجی ریلی نکالی۔ احتجاجی ریلی میں یاسین سے گلگت بلتستان اسمبلی کے امیدوار رحمت رحیم اور سابق امیدوار قانون ساز اسمبلی کریم ایڈووکیٹ سمیت مختلف یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم طلباء اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء کا مطالبہ تھا کہ یاسین کے لوگوں نے پاکستان کی دفاع کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا اور ملکی محاذ پر دشمن کو شکست دینے میں کمال دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نشان حیدر جیسے اعلیٰ فوجی اعزاز تک حاصل کیا مگر آج اس علاقے کو وہ سہولیات میسر نہیں جن کا یہ متقاضی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پورے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب لاک ڈاؤن میں دیگر علاقوں کی طرح یاسین سے تعلق رکھنے والے مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلباء و طالبات اپنے گھروں کو لوٹے ہیں جہاں پر انہیں اپنی تعلیم کو جاری رکھنے کے انٹرنیٹ جیسی سہولت دستیاب نہ ہونے کے باعث سخت مشکلات سے دوچار ہیں اور بروقت انٹرنیٹ سروس کی عدم دستیابی طلبا کے قیمتی سال ضائع کرنے کا احتمال بن سکتی ہے۔ اسی لئے طلبا و مجبوراً اپنے مطالبات کے حق میں سڑکوں پر نکل آنا پڑا۔ انہوں نے فورس کمانڈر ناردرن ایریاز میجر جنرل ڈاکٹر احسان محمود خان اور سیکٹر کمانڈر ایس سی او سے طلبا و طالبات کو درپیش مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے یاسین میں ہنگامی طور پر فور جی انٹرنیٹ سروس شروع کرانے کا مطالبہ کیا۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button