اہم ترین

گلگت بلتستان میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال، جرائم میں اضافہ، روزانہ احتجاجی مظاہرے

گلگت (تجزیاتی رپورٹ) گلگت بلتستان گزشتہ کچھ مہینوں سے پے در پے مختلف حادثات اور واقعات ۔کا شکار ہورہا ہے جس کے باعث علاقے بھر میں بے چینی پھیل رہی ہے

ایک ماہ قبل سے سکردو سمیت گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں گندم کی قیمت میں اضافہ اور لوڈشیڈنگ سمیت مختلف مسائل حل نہ ہونے کے خلاف روزانہ احتجاجی مظاہرے ہوے رہے ہیں ۔ ہزاروں افراد شدید سردی کے باوجود سڑکوں پر ہیں۔ سکردو، شگر، کھرمنگ اور گھانچھےکے علاوہ گلگت، غذر ،نگر اور ہنزہ میں بھی مسلسل احتجاجی مظاہرے ہورہے ہیں۔ تاہم حکومت نے گندم کی سبسڈی مکمل طور پر بحال کرنے سے صاف انکار کردیا ہے۔
اب عوامی ایکشن کمیٹی نے 26 اور 27 جنوری کو گلگت بلتستان میں شٹر ڈاون ہڑتال کا اعلان کردیا ہے، جس کے باعث حالات مزید خرابی کی طرف جارہے ہیں، جبکہ شدید سردی کے ستائے عوام کی مشکلات میں بھی روز افزوں اضافہ ہورہاہے۔

دو روز قبل گوپس میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرنے والوں میں سے 11 سرکردہ افراد کے خلاف مقدمات قائم کئے گئے، جبکہ آج گلگت شہر میں ٹھیکیدار برادری کے احتجاجی مظاہرے پر آنسو گیس کے گولے پھینکے گئے اور لاٹھی چارج کی گئی، جس سے صورتحال ابتری کی طرف جارہی ہے۔ 

دوسری طرف، ضلع غذر میں دہشتگردوں کے ہاتھوں ایک مدرس اور ایک پولیس آفیسر کے قتل کے بعد ہوڈور کے مقام پر مسافر بس پر فائرنگ بھی ہوئی جس کے باعث 11 افراد افراد جان بحق اور درجن سے زائد زخمی ہوگئے۔ ان واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف کوئی قابلِ ذکر کاروائی نہیں ہوئی ہے، جس کے باعث حکومتی رِٹ شدید متاثر ہوئی ہے۔
گزشتہ چند ہفتوں کے دوران گلگت شہر میں زمینوں پر زبردستی قبضے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں، جن میں ایک بزرگ شہری پر تشدد کرکے لہولہان کرنے اور دوسرے کو گھر کے سامنے سے بندوق کی نوک پر اغوا کرنے کے واقعات بھی شامل ہیں۔
ان تمام واقعات اور سانحات کے باوجود وزیر داخلہ اور وزیر اعلی نے ملزمان اور مجرموں کے خلاف کاروائی کے اعلانات کرنے کے علاوہ کوئی قابلِ ذکر کردار ادا نہیں کیا ہے، جس کی وجہ سے عوامی سطح پر انتظامیہ اور حکومت گلگت بلتستان کے خلاف جذبات مسلسل اُبھر رہے ہیں۔
احتجاجی مظاہروں کے دوران وزیراعلی اور وزیروں کے خلاف مسلسل نعرہ بازی ہورہی ہے اور وزیر اعلی کی برطرفی کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے۔

 

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button