گورنمنٹ ڈگری کالج فار بوائزمناورکی نئی عمارت کا افتتاح
گلگت(پ ر ) پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج فار بوائزمناور پروفیسر میر احمد خان اور پروفیسر سیدعبدالجلال نے گورنمنٹ ڈگری کالج فار بوائز مناور گلگت کی نئی عمارت کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر پروفیسر میر احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسرز اور طلباء نئے کالج میں نظم و ضبط قائم کرنے، امن و ہم آہنگی کو فروغ دینے اور معیار تعلیم کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور نہ ہی کوئی سمجھوتہ کیا جائے گا۔ پروفیسر میر احمد خان نے مزید کہا کہ یہ کالج بھی ہمارے گھر کی طرح ہے اس لئے اس کی کامیابی ہماری کامیابی اور اس کی ناکامی ہماری ناکامی ہی۔ لہٰذااسے اپنا گھر جیسا سمجھ کر اس کی دل و جان سے حفاظت کرنی ہے اور تعلیمی و عملی میدان میں اپنا لوہا منوانا ہے۔
تقریب میں پروفیسر سید عبد الجلال نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ طلباء اپنی تمام تر توانائیاں تعلیم اور کردار سازی پر صرف کریں اور تمام تر تعصبات سے بالا تر ہو کر اپنے کالج ، گلگت بلتستان اور ملک و ملت کی تعمیر و ترقی کے لئے تندہی سے اپنا کردار ادا کریں۔
تقریب میں فکلٹی ممبرز اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔