خبریں

ملک میں جمہوریت ناکام نہیں بلکہ نواز لیگ ناکام ہوئی ہے۔ سعدیہ دانش

گلگت(پ۔ر) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت ناکام نہیں ہوئی بلکہ نواز لیگ ناکام ہوئی ہے۔وفاقی حکومت ملک میں معاشی بحران پیدا کر کے یہ تاثر دینا چاہتی ہے کہ پاکستان نواز شریف کے بغیر نہیں چل سکتا۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ذریعے مہنگائی کا طوفان کھڑا کرنا اسی سلسلے کی کڑی ہے۔حالانکہ حقیقت اس کے بلکل برعکس ہے اور ملک نواز شریف کے بغیر زیادہ بہتر انداز میں آگے بڑھے گا۔

نواز لیگ نے ملک کی بھاگ دوڑ چن چن کر بدعنوان ترین لوگوں کے ہاتھوں میں دی تھی جن میں سے کرپشن کے سپہ سالار کو تو عدالت نے نااہل کر دیا مگر ملک کے خزانے پر جس بدعنوان شخص کو مسلط کیا ہوا ہے وہ ملکی معیشت کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہا ہے۔ایک نااہل شخص کی خاطر ملکی معیشت سے کھلواڑ دراصل ملکی سلامتی کو داو پر لگانے کے مصداق ہے۔ایک انتہائی بدعنوان شخص کو وزیر خزانہ برقرار رکھ کر دنیا کی نظروں میں ملکی وقار کو مجروح کیا جا رہا ہے۔کیا بیس کروڑ سے زائد آبادی والے ملک میں کوئی ماہر اقتصادیات نہیں ہے جو خزانے کی چابی ایک چور کے ہاتھوں میں دی ہوئی ہے۔اسطرح کے منفی ہتھکنڈے نواز لیگ کا پرانا وطیرہ ہے۔جنکا بوریا بستر گول ہوچکا ہے وہ جمہوری بساط لپیٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔جو کہ ملک و قوم کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہے۔

اگر انکا دامن صاف ہوتا اور یہ ملک و قوم کے ہمدرد ہوتے تو اپنے آپ کو احتساب کے لئے پیش کرتے لیکن انکی چیخ و پکار بتا رہی ہے کہ واقعی چور کی داڑھی میں تنکا ہے۔نواز لیگ حالات و واقعات سے سبق حاصل کرنے کے بجائے سنگین غلطیاں دہرائے جا رہی ہے۔اس نازک مرحلے پر سیاسی بلوغت کا مظاہرہ کرنے کے بجائے بچگانہ حرکتیں مہلک ثابت ہو سکتی ہیں۔

پیپلز پارٹی نے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف بھر پور احتجاج کیا ہے۔پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے عوام پر پٹرول بم گرانا کمر توڑنے کے مترادف ہے۔حالانکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے۔نواز لیگ اپنی نااہلیوں اور ناکامیوں کا ملبہ عوام پر گرا رہی ہے۔اس صورتحال میں پیپلز پارٹی عوام کو ہرگز حکومت کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑے گی بلکہ حکومتی ظالمانہ اور عوام کش اقدامات کے خلاف سینہ سپر ہو کر کھڑی ہے کیونکہ پیپلزپارٹی اور عوام کا دل و جان کا رشتہ ہے۔اسکے علاوہ انہوں نے پیپلزپارٹی گلگت ڈویژن نے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ وہ پیپلز پارٹی کی فعالیت اور کامیابی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کرینگے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button