خبریں
سیلاب سے متاثرہ دوارداس اشکومن میں چھ بچوںکا باپ گراری سے گرگیا، لاش دس روز بعد برآمد
اشکومن(کریم رانجھا) ؔ سیلاب سے متاثرہ گاؤں دوارداس کا رہائشی چھ بچوں کا باپ گراری کے ذریعے دریا پار کرتے ہوئے دریائے اشکومن کی نذر ہوگیا،دس روز بعد دریا کے کنارے سے نعش برآمد،چیف سیکریٹری کے دورہ بلہنز کے دوران واقعے کی بھنک بھی پڑنے نہیں دی گئی،متوفی بلہنز گاؤں سے آٹا لے کر گھر جارہا تھا۔ذرائع کے مطابق بالائی اشکومن میں سیلاب سے متاثرہ گاؤں دوار داس کا رہائشی چھ بچوں کا باپ مسمی حسن بیگ ولد قینک بائے 19ستمبر کو آٹا پیسنے بلہنز گیا،واپسی پر دریا ئے قرمبر پر نصب گراری پار کرتے ہوئے دریا کے خونی موجوں کی نذر ہوگیا،لواحقین تلاش میں جت گئے،دس روز بعد دریا کنارے سے نعش برآمد ہوئی،مبینہ طور پر نعش کے پیٹھ پر آٹے کا تھیلابندھا ہوا تھا، ٹھیک اسی روز چیف سیکریٹری سیلاب زدگان سے ملنے بلہنز آئے ہوئے تھے لیکن انتظامیہ نے بڑی پھرتی سے معاملے کو دبا دیا۔سترہ جولائی کو آنے والے بدترین سیلاب سے گاؤں دوارداس سب سے زیادہ متاثر ہوا،چودہ گھرانوں پر مشتمل اس گاؤں کا رابطہ ایک مہینے تک مکمل کٹا رہا،ذرائع کے مطابق کچھ عرصہ قبل ایک غیر سرکاری تنظیم نے آمدورفت کے لئے گراری نصب کیا تھا جس پر حادثہ پیش آیا۔متوفی کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی میں ملازم تھا۔