اہم ترین
عمران خان مرکز میں ایک پھٹیچر پاکستان کی بنیاد رکھ رہا ہے، ڈپٹی سپیکر جعفر اللہ خان
گوپس(معراج علی عباسی ) ڈپٹی سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی جعفراللہ خان نے کہا ہے مرکز میں عمران خان نیا پاکستان بنانے کا خواب دیکھا کر ایک پھٹیچر پاکستان کی بنیاد رکھنے جار ہا ہے ۔ مسلم لیگ ن کو مرکز میں پی ٹی آئی کے خلاف اپوزیشن کی ضرورت ہی نہیں پڑ رہی ہے یہ لوگ خود اپنے پیروں پر کلہاڑی ما رہے ہیں ۔ بلا سوچے سمجھے جذباتی اور غلط فیصلوں نے پی ٹی آئی کو ملکی اور بین القوامی سطح پر جگ ہنسائی کا باعث بنا دیا ہے ۔ سینکڑوں افراد کا قاتل راؤ انوار کھلے عام پھر رہا ہے اس کو ہتھکڑیاں ڈالنے کی جرات نہیں ہے لیکن اساتذہ ، پروفیسرز اور یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کو ہتھکڑیاں ڈال کر عدالتوں میں پیش کیا جارہا ہے ۔ اس قسم کے غیر جمہوری اور اور غیر اخلاقی اقدامات پی ٹی آئی ساکھ کو بے پنانقصان پہنچا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کا سب سے بڑا دشمن ہے ۔ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے اہم ترین ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں رکاوٹ بن گئی ہے 22 ارب کی لاگت سے تعمیر ہونے والی غذر چترال ایکسپریس وے کو پی ایس ڈی پی سے خارج کردیا ہے اس کے علاوہ میڈیکل کالج ، وومن یونیورسٹی ، پاور سیکٹر کے پراجیکٹس کے علاوہ دیگر اہم ترقیاتی منصوبوں کو پی ایس ڈی پی سے خارج کرکے وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان دشمنی میں ہر حد پار کردی ہے عمران خان کہتا ہے کہ میاں محمد نواز شریف گلگت بلتستان کے لئے حاتم طائی بن گیا ۔ وفاقی حکومت کو خوف ہے کہ یہ سارے ترقیاتی منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچے تو گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی وجود میں آنے سے قبل ہی اپنے انجام کو پہنچے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہ تمام منصوبے پی ایس ڈی پی سے نکل گئے تو گلگت بلتستان میں ترقی کا عمل رک جائیگا ۔ معاشی عدم استحکام کے باعث مجموعی صورتحال بے حدگھمبیرہوجائیگی ۔ وفاقی حکومت کی ناعاقبت اندیشی کے باعث ملک بھر میں مہنگائی کا طوفان آگیا ہے اشیاء خورد ونوش عام آدمی کی دسترس سے باہر ہوتی جارہی ہیں چند ماہ قبل 1600 روپے کا ملنے والے گیس سلنڈر اب 2600 روپے میں فروخت ہو رہا ہے ۔ پٹرول اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے عام شہری کی زندگی اجیرن ہورہی ہے ۔ عمران خان کا دعوی تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانے کے بجائے خودکشی کروں گا اب ہم اس خود کشی کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں اب بھی وقت ہے پی ٹی آئی کی حکومت اگر ڈلیور کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے تو استعفیٰ دیکر گھر چلی جائے ہم نظام حکومت کو پہلے سے بھی بہت بہتر چلانے کی اہلیت رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف گلگت بلتستان کے عوام کے محسن ہیں انہوں نے ہر مرحلے میں جی بی کی ترقی کو مقدم رکھا ۔ تعلیم کے شعبے کو ترقی کے عمل میں بہت آگے لے جانے کے خواہشمند ہیں ہم نے بھرتیوں کے عمل میں میرٹ کی بالادستی یقینی بنائی ہے ۔ این ٹی ایس کے زریعے ہونے والی بھرتیوں نے عوام کا حکومت پر اعتماد مزید مستحکم کردیا ہے سابق حکومت نے گلگت بلتستان میں ملازمتوں کا جمعہ بازار لگایا ۔ سابق منسٹر ایجوکیشن جو کہ ضلع غذر سے تعلق رکھتے تھے نے تین سے پانچ لاکھ روپے کے حساب سے اساتذہ کی نوکریاں فروخت کی ۔ میں نے سابق منسٹر سے کہا کہ یہ ظلم کیوں کر رہے ہو انہوں نے کہاکہ ہم نے ذرداری کو پیسے دینے ہیں ۔ اس طرح کے شرمناک واقعات کے باعث تعلیم کا شعبہ بے حد بدنام ہوگیا ۔ انہوں نے کہا کہ دیامر میں سکولوں کو جلانے کے واقعات نے پورے گلگت بلتستان کا چہرہ ملکی اور بین القوامی سطح پر مسخ کرکے رکھ دیا ہے غلط پیغام کے زریعے مقامی افراد کو سکول جلانے پر اکسایا گیا یہ علم دشمنی کے بدترین مثال تھی ہم علم کے شمع کسی بھی صورت بجھنے نہیں دیں گے ۔ تعلیم کے شعبے میں ترقی کے لئے 40 کروڑ روپے کا فنڈ قائم کیا گیا ہے ، غریب ااور نادار بچوں کے لئے مفت کتابیں اور کاپیاں فراہم کر رہے ہیں ۔ ٹاپرز کے لئے لیپ ٹاپ سکیم متعارف کرائی ۔ 2 لاکھ سے زائد سکولوں سے باہر بچوں کا داخلہ ممکن بنایا ہے یہ ہماری حکومت کی بہت بڑی کامیابی ہے کہ آوٹ آف سکول بچوں کو سکولوں کی جانب راغب کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دور حاضر کا سب سے بڑا المیہ یہ ہے جو شخص جتنا زیادہ پڑھا لکھا ہے وہ اتنا ہی بڑا کرپٹ ہے غریب لوگ غربت کی چکی میں پس رہے ہیں جبکہ امیر لوگ کرپشن کے زریعے مال و دولت سمیٹنے میں مصروف عمل ہیں ۔ گلگت بلتستان کے صوبائی حکومت عوام کے مفاد عامہ پر کسی بھی قسم کا کمپرومائز نہیں کریگی ۔ ہم کل بھی عوام کی خدمت پر یقین رکھتے اور ہم آئند ہ بھی عوام مفادات کو ہی سب سے زیادہ فوقیت دیں گے