پولیس فورس کو کاؤنٹر ٹیررزم کی تربیت کے لئے پاک آرمی کی خدمت فراہم کی جائے گی، فورس کمانڈر گلگت بلتستان
سکردو ( رجب علی قمر ) فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل احسان محمود خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان پاکستان کا دارلامان ہے یہ خطہ ہی پاکستان کا فخر اور پُرامن خطہ ہے سیاحت کے لئے تمام علاقے کھول دیئے جائیں گے خطے کی امن کو قائم رکھنے میں گلگت بلتستان پولیس کا اہم کردار ہے پولیس بھی پاکستان آرمی کی طرح ملکی سلامتی کے ادارے ہیں ملکی سلامتی اور استحکام میں پولیس کا خاصا کردار ہے۔
سکردو میں پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان پولیس کے مثبت کردار کو تاریخ میں لکھا جائے گا۔ یہاں کے پولیس جوان ہائی الٹیٹیوٹ فورس ہے خطے میں پاک فوج امن کے لئے پولیس کے ساتھ بھر پور تعاون کرے گی۔ پولیس کے شہدا ء قوم کے شہدا ہیں۔ پولیس فورس کے 500 جوانوں اور آفیسران کو کاؤنٹر ٹیررزم کی تربیت کے لئے پاک آرمی کی خدمت فراہم کی جائے گی۔ اُنہوں نے ایس ایس پی سکرد وراجہ مرزا حسن کی درخواست پر پولیس فورس کے لئے سی ایم ایچ سکردو میں مفت علاج و معالجے کا اعلان کیا جبکہ پولیس شہدا کے خاندان کو بھی مفت علاج کرنے کا اعلان بھی کیا اس موقع پر فورس کمانڈر نے سکردو پولیس کے لئے نقد ایک لاکھ روپے کا چیک بھی دیا اُنہوں نے سی ایم ایچ سکردو میں پولیس کے خاندان اور جوانوں کے لئے دو روزہ فری میڈیکل کیمپ لگانے کا بھی فوری احکامات جاری کئے ۔