گلگت بلتستان

گلگت سکردو روڈ کی تعمیر کی منظوری دی جا چکی ہے، صوبائی وزیر اطلاعات

گلگت (پ ر) صوبائی وزیر اطلاعات و تعلیم حاجی محمد ابراہیم ثنائی نے کہا ہے کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کی کا وشوں سے گلگت سکردو روڈ کی تعمیر کی منظوری دی جا چکی ہے اور اس پر چالیس ارب روپوں کی لاگت آرہی ہے جس کے مد میں وفاقی حکومت کی جانب سے بجٹ مختص کر دیا گیا ہے۔ محکمہ اطلاعات کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلی گلگت بلتستان کے مابین ملاقاتوں میں ایجنڈے پر سر فہرست گلگت سکردو روڈ کا معاملہ ہو تا ہے۔ وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ منفی پراپیگنڈا کرنے والے عناصر کی کوشش ہے کہ اس طرح کی بیان بازی کرکے حکومت کے ترقیاتی کاموں سے عوامی توجہ ہٹائی جائے لیکن حکومت کی جانب سے کئے جانے والے عوامی فلاح کے منصوبوں کو کوئی زک نہیں پہنچا سکتا۔ حقیقت تو یہ ہے کہ اس شاہراہ کی تعمیر کا منصوبہ پہلے ہی چینی کمپنی کو دیا جا چکا ہے۔

سکردو روڈ پر سیاست مناسب نہیں۔ اب مخالفین کو چاہیے کہ وہ بھی عوامی مفاد کے منصوبوں کی تائید کریں اور حکومتی اقدامات کو کھلے دل سے سراہیں۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان کو سکردو کی عوام سے بہت محبت ہے یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اقتدار سنبھالنے کے بعد اولین دورہ بلتستان کا کیا۔ بلتستان کی عوام کو اس بات کا ادراک ہے کہ مصیبت کی ہر گھڑی میں وزیر اعلی اور انکی ساری کابینہ بلتستان کی عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہے اور انکی ہر ممکن مدد کی۔

پارلیمانی سیکریٹری لوکل گورنمنٹ محمد شفیق نے کہا ہے کہ سکردو روڈ کی تعمیر کے حوالے سے وزیر اعظم پاکستان نے متعدد مواقع پر اعلان کیا ہے اور وزیر اعلی گلگت بلتستان بھی اس اہم منصوبے کی جلد از جلد تکمیل چاہتے ہیں تاکہ مسلم لیگ حکومت کی جانب سے عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پوری کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مارچ یا اپریل تک اس اہم منصوبے پر کام کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

سکردو روڈ کے بارے میں شکست خوردہ عناصر کی جانب سے پھیلائی جانے والی جھوٹ پر مبنی خبریں بالکل بے بنیاد ہیں اور عوام انشااللہ اپنے سامنے اس دور حکومت میں ایک اہم شاہراہ کی تکمیل ہوتے ہوئے دیکھیں گی۔ صوبائی محکمہ اطلاعات کو جاری کئے گئے ایک بیان میں پارلیمانی سیکریٹری محمد شفیق نے کہا کہ جس طرح سے نئے اضلاع کے قیام کے بعد مخالفین کو احساس ہو جانا چاہیئے کہ حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں سنجیدہ ہے اور مخلصانہ کوششوں سے عوام کے مسائل میں کمی لائی جائے گی۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button