اہم ترین

چترال کے بالائی علاقے لاسپور میں شدید بارشوں کے بعد سیلاب آگیا، گلگت بلتستان جانے والی سڑک متاثر

چترال ( نذیرحسین شاہ نذیر) بدھ کے روز چترال کے بالائی علاقہ لاسپور ویلی میں شدید بارش ہوئی ۔ جس کے نتیجے میں شاہداس نالہ اور گشٹ گاؤں کے سامنے برساتی نالے میں سیلاب آیا ۔ سیلاب سے چترال گلگت روڈ کو بُری طرح نقصان پہنچا ہے جبکہ زمینیں اور باغات بھی سیلاب کی زد میں آئے ہیں ۔

ایس ایچ او تھانہ ہرچین قربان علی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ سیلاب نے بڑی تباہی مچائی ہے ۔ جس کی وجہ سے چترال گلگت روڈ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہو چکا ہے ۔ مقامی لوگوں اور گلگت جانے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مشینری استعمال کئے بغیر روڈ کی بحالی میں کئی دن لگ سکتے ہیں ۔ مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مشینری کے ذریعے متاثرہ روڈ کی مرمت کی جائے ۔

درین اثنا گذشتہ تین دنوں سے گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے ۔اور چترال کے شمالی پہاڑوں پر موجود گلیشئرز کے پگھلاؤ میں تیزی آئی ہے ۔ گلیشئر ز کے پگھلاؤ میں اضافے کی وجہ سے یارخون کے مر تنگ نالے میں بھی سیلاب آیا ہے ۔

ممبر تحصیل کونسل یارخون میر صاحب بیگ نے میڈیا کو بتایا کہ سیلاب سے اگرچہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ تاہم تقریبا چار سو فٹ سڑک ملبے سے بھر جانے اور کٹاؤ کا شکار ہونے کی وجہ سے یارخون بروغل کیلئے آمدورفت بند ہو چکی ہے ۔

بالائی چترال کے ندی نالوں اور دریائے چترال کے بہاؤ میں اضافہ سے دریا کے قریب ترین موجود دیہات کو خطرات کا سامنا ہے ۔ چوئنچ ، بمباغ ، جونالی کوچ ، سارغوز اور زیریں چترال کے مقامات کجو ، ایون ، جنجریت میں زمینات کو زبردست نقصان پہنچا ہے ۔ جبکہ کجو کے مقام پر گھروں کے بہہ جانے کا خطرہ موجود ہے ۔ چترال کے خوبصورت ترین گاؤں ایون کا ہزاروں ایکڑ زمین ایک مرتبہ پھر دریاء کے بہاؤ کی زد میں آیاہے ۔ اور زمینات و فصلوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے ۔ جبکہ گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ چترال کے تجربہ کار اور بزرگ شہریوں کا کہنا ہے ۔ کہ اگست بھی سیلاب کا مہینہ ہے ۔ اور سابقہ ادوار میں اس مہینے سیلاب آنے کی وجہ سے چترال کو کئی بار نقصان پہنچا ہے ۔ اس لئے لوگوں کو ہر گز غافل نہیں ہونا چا ہیے ۔ چترال میں باران رحمت کیلئے مسلسل دُعائیں مانگی جارہی ہیں ۔ لیکن چترال کے شہراور اطراف کے قریبی علاقے بارش سے تا حال محروم ہیں ۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button