ثقافت

سکردو، ادبی تنظیم فکر کے زیر اہتمام یوم پاکستان اور جشن نوروز پر محفل مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا

fkr01

سکردو(پ۔ر)سماجی تنظیم فکر سوشل فورم کے ذیلی شعبہ فکر ادب کے زیر اہتمام جشن نوروز اور یوم پاکستان کے حوالے سے شاندار محفل مشاعرے کا اہتمام کیا گیا جس میں علاقہ بھر کے نوجوان شعراء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور صدر پاکستان پیپلز پارٹی سید مہدی شاہ نے مشاعرے کی صدارت کی جبکہ نوجوان شاعر عارف حسین سحاب مہمان خصوصی تھے۔ فکر ادب کے صدر مصطفی اخوندی اور جنرل سکریٹری محمد علی انجم نے نظامت کی۔ سابق وزیر اعلیٰ سید مہدی شاہ نے بحیثیت صدر محفل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فکر نے معیاری ادب کا عملی ثبوت فراہم کر دیا ہے۔ نوجوان شعراء نے شاندار کلام پیش کیا جس سے بخوبی اندازہ ہوتا ہے کہ یہ شعراء ملک بھر میں علاقے کی بہترطریقے سے نمائندگی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں ہو یا نہ ہو مشاعروں میں شرکت کرتے رہیں گے۔ حالانکہ بعض شعراء میرے اوپر شعر کے ذریعے طنز بھی کرتے ہیں ، دیگر پارٹیوں کے لوگ مشاعروں میں صرف اسی لئے نہیں آتے کہ ان میں تنقید برداشت کرنے کی ہمت نہیں ہوتی۔ نوجوان شاعر اور مشاعرے کے مہمان خصوصی عارف سحاب نے معیاری ادب کیلئے فکر کی طرف سے کی گئی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان شعراء نے جس معیار کا کلام پیش کیا اس نے خوشگوار حیرت میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شعراء کو ان کے حقوق سے محروم رکھا جار ہا ہے جس کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔ اس سے قبل فکر سوشل فورم کے چیئرمین اور معروف شاعر ذیشان مہدی نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے کہا کہ فکر ادب نے معیاری ادب کے فروغ کا بیڑا اٹھایا ہے ۔ ادبی محافل کے نام پر شور و غل مچایا جا رہا تھا جس سے نکلنے کی کوشش شروع کی جاچکی ہے، ادب شناس سامعین ساتھ دیں تو معیاری ادب کی طرف جاری سفر مزید تیز ہو جائے گی۔مشاعرے میں عارف سحاب، عاشق حسین عاشق، طالب مجروح، ذیشان مہدی، مصطفی اخوندی، قیصر علی شاہد، حامد اسد،محمد علی انجم، مبشر حیدر، عاشق حسین ناہر، محمد عقیل، یوسف کھسمن، نثار یاور، علی ناصر، ناصر شمیم اور ولایت ناز نے اردو بلتی میں اپنا کلام پیش کیا۔ مشاعرے میں ادب شناس سامعین کی کثیر تعداد شریک تھی جنہوں نے اچھے اشعار پر کھل کر داد دی۔ بعد ازاں سامعین نے معیاری اور کامیاب مشاعرے کے انعقاد پر فکر کی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔

fkr 01

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button