خانہ آباد میں رسم تلینوونسالو منایا گیا
گلگت (پ ر) صوبائی وزیرتعمیرات ڈاکٹر اقبال نے کہا ہے کہ دہشتگردی اور انتہاء پسندی کا خاتمہ اور گلگت بلتستان کی ثقافت کو فروغ دینا پاکستان مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے گلگت بلتستان میں فوجی عدالتوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ خانہ آباد ہنزہ میں ہاشو فاونڈیشن کے زیر اہتمام منعقدہ تقافتی میلے جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کسی بھی ملک یا علاقے میں معاشی ترقی کا سارا دارومدار امن وامان کے قیام سے مشروط ہے اور گلگت بلتستان مین امن کی بدولت سیاحت کو فروغ ملنا شروع ہوگا ہے جس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ رواں سال مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کی ایک بڑی تعداد نے گلگت بلتستان کا رخ کیا اور امن وامان کی صورتحال میں مزید بہتری آئی تو اگلے سال سیاحوں کو سنبھالنا مشکل ہوجائے گا۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کرے گی اور ہماری کوشش ہوگی کہ تمام فیصلے میرٹ پر کئے جائیں۔ ڈاکٹر محمد اقبال نے کہا کہ ہنزہ بالخصوص خانہ آباد کے عوام مبارک باد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے آج ہونے والے اس ثقافتی شو کو کامیاب بنایا اور بہترین ڈسپلن کا مظاہرہ کرکے ثابت کردیا ہے اس علاقے کے لوگ واقعی تعلیم یافتہ اور مہذب ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے خانہ آباد میں سیپ سکول کی چار دیواری اور لنک روڈ کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔
ہاشو فاونڈیشن گلگت بلتستان کے جنرل منیجر بلبل جان شمس نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہاشو فاونڈیشن کی ہمیشہ یہی کوشش رہی ہے کہ امن وامان کی بحالی اور بھائی چارگی کے فروغ کیلئے ثقافتی پروگرامز کا سلسلہ جاری رہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے ادارے نے ضلع غذر کے علاوہ ، استور اور ہنزہ کے بالائی علاقوں میں بھی ثقافتی پروگرامز کا انعقاد کیا ہے۔ بلبل جان شمس نے کہاکہ خانہ آباد کے عوام نے جس تعاون ، ڈسپلن اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا ہے وہ ناقابل فراموش ہے انہوں نے شیناکی بالخصوص خانہ آباد کے عوام اور شیعہ امامی اسماعیلی لوکل کونسل برائے شیناکی کا بھی شکریہ ادا کیا۔ اس سے قبل رنگارنگ ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں لوکل ڈانس، رسہ کشی اور مقامی گلوکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کرکے داد وصول کی۔ ثقافتی شو میں ناصر آباد، خانہ آباد، مایون اور حسین آباد سے ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماوں جان عالم، ایمان شاہ، شاہد اقبال، ارمان شاہ کے علاوہ کرنل (ر) عبیداللہ بیگ نے بھی خصوصی طور پر اس ثقافتی شو میں شرکت کی۔