متفرق

حکومتی امداد سے محروم کوہستان کے متاثرین زلزلہ نے سڑکوں پر نکلنے کی دھمکی دے دی

کمیلہ کوہستان(نمائندہ خصوصی) کوہستان کے متاثرین زلزلہ تاحال امداد سے محروم ہیں ۔شدید سردی میں بوسیدہ مکانات اور ٹینٹوں میں گزربسر کرنے والے متاثرین کی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہیں ، حکومت وعدے کے مطابق متاثرین کی امداد نہ کرسکی ۔ تین ہزار متاثرین میں سے صرف دو سو چھ کوامداد مل سکی ، باقی بدستورحکومتی امداد کے منتظر ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ضلع اپر کوہستان کے متاثرین زلزلہ اس وقت شدید تکالیف میں ہیں ، دورافتادہ علاقوں میں بوسیدہ مکانات اور ٹینٹوں میں زندگی بسر کرنے والے لوگ پریشانی کا شکارہیں ،شدیدسردی میں اُن کی صحت کو بھی خطرات لاحق ہیں ، متاثرین کیلئے حکمرانوں کے وعدے اور پالیسیاں صرف دعووں تک محدود رہ گئے ۔ کوہستان کے تین ہزار کے قریب متاثرین زلزلہ میں سے صرف دو سوچھ متاثرین کو امدادی رقوم مل سکی ، نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اور حکومتوں کی لاپرواہی کے بدولت ضلع کوہستان کے متاثرین زلزلہ کو تاحال مکانات کی تعمیر کیلئے پیسے نہ مل سکے ۔ ڈپٹی کمشنر کوہستان کے مطابق تاحال پیسے نہیں آئے جب آئیں گے تو متاثرین کو دے دیا جائیگا۔ اس ضمن میں متاثرین نے شدید احتجاجی مظاہروں کا پلان بھی ترتیب دیاہے ، گزشتہ دنوں کوہستان میڈیا سنٹر میں بات چیت کرتے ہوئے متاثرین نے میڈیا کو بتایا کہ ایک ہفتے کے اندر متاثرین کو رقوم نہ دی گئی تو وہ سڑکوں پر نکلیں گے متاثرین کے نمائندوں میں سے مولانا ولی اللہ ، مولانا امیر زیب ، نورالحق، عبدالرحمن ، باچھا خان و دیگر کا کہنا تھا کہ زلزہ کو گزرے دو ماہ سے زیادہ کا وقت بیت گیا مگر حقیقی متاثرین کو حکمران کھوکھلے وعدوں کے سوا کچھ نہ دے سکے ۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button