متفرق

فورس کمانڈر میجر جنرل ثاقب محمود ملک نے ضلع ہنزہ اور ضلع نگر کا دورہ کیا

ہنزہ ( اجلال حسین ) علما اور علاقے کے عمائدین محرم الحرم کے ایام کو امن وامان سے اختتام پذیر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ حکومت کی جانب سے جاری شدہ ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کرتے ہوئے اس پر من و عن عمل کیا جائے تاکہ کسی بھی قسم کی ناخوشگواری پیدا نہ ہو۔

ان خیالات کا اظہار فورس کمانڈر ایف سی این اے میجر جنرل ثاقب محمود ملک نے گزشتہ روز محرم الحرم کے حوالے سے گزشتہ روز ہنزہ میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

فورس کمانڈر ایف سی این اے میجر جنرل ثاقب محمود ملک نےآج (بدھ کو)  مسجد علی، علی آباد اور امامیہ کمپلیکس گنش کا دورہ کیا، اور یوم عاشور کے جلوس کے راستوں کا معائینہ بھی کیا ۔  جبکہ دوسری جانب فورس کمانڈر گلگت بلتستان نے ہنزہ میں اسماعیلی کونسل کی زیر نگرانی پبلک ریلشنز کمیٹی اور انجمن امامیہ ہنزہ کے سربراہان سے بھی ملاقات کی۔

اس موقع پر فورس کمانڈر نے دونوں مسالک کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ملکی اور علاقائی صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے علما اور علاقے کے اکابرین اور دیگر ادارہ جات محرم الحرم کے اختتام پزیر ہونے تک امن اور بین المسالک ہم آہنگی یقینی بنانے کے لئے حکومت کی جانب سے جاری شدہ ضابطہ اخلاق کی پاسداری کرتے ہوئے اس پر من و عن عمل کرینگے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضابطہ اخلاق کے خلاف کام کرنے والا ہر فرد جرم کے مرتکب ہوگا۔ ملک میں امن و امان بر قرار رکھنا ہر شہری پر فرض ہے۔ قانون کے خلاف کام کرنے والوں کے لئے کسی بھی قسم کی رعا یت نہیں ہوگی، چاہے ان کا تعلق کسی بھی فرقہ سے یا سیاسی پارٹی سے ہو۔ قانون سب کے لئے برابر ہے۔

اس موقع پر دونوں مسالک سے تعلق رکھنے والے نمائندہ وفود نے فورس کمانڈر گلگت بلتستان کو عہدہ سنبھالنے کے بعد دورہ ہنزہ پر خوش آمدید کہا، اور انہیں یقین دلایا کہ ہنزہ میں محرم الحرم کے حوالے سے حکومت کی جانب سے جاری شدہ ضابطہ اخلاق کی پاسداری کی جائے گی۔

فورس کمانڈر نے ضلع نگر میں بھی وفود سے بات چیت کی۔ سیکیورٹی حالات کا جائزہ لیا اور امن و امان کی صورت حال  برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ضلعی انتظامی افسران نے انہیں علاقے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

army-02

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button