جرائم

غذر: دہشت گردی کا خطرہ ، ہنگامی میٹنگ میں دہشت گردوں سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی تیار کرلی گئی۔

گاہگوچ(معراج علی عباسی) ضلع غذر میں دہشت گردی کا خطرہ ، قائم مقام ڈی سی غذر نوید احمد نے ضلع بھر کے عمائدین ، علماء واعظین، نمبرداران، خطیب اور دیگر اہم سماجی شخصیات کو گاہکوچ طلب کرلیا ۔ ہنگامی میٹنگ میں دہشت گردوں سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی تیار کرلی گئی۔ تینوں مسالک کے عمائدین نے قیام امن کے لئے ہر ممکن کردار ادا کرنے کا عزم کرلیا ۔ ضلع بھر کے تمام دیہاتوں میں رضاکار بھرتی کئے جائیں گے جو کہ ہر قسم کی نقل و حمل پر کڑی نظر رکھ سکیں گے ۔ اجلاس میں غذر میں دہشت گردی کے ممکنہ واقعات سے متعلق تفصیلی گفت و شنید کی گئی ۔ تمام مکاتب فکر کے اہم شخصیات نے قیام امن اور دہشت گردوں کے مکروہ عزائم خاک میں ملانے کے لئے مشترکہ جد وجہد کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔ اس موقع پر مساجد ، جماعت خانو ں اور امام بارگاہوں کی سیکورٹی یقینی بنانے کے لئے بھی حکمت عملی تیار کرلی گئی اس موقع پرکہا گیا کہ ضلع غذر گلگت بلتستان کا سب سے پر امن ضلع ہے جس کے مثالی امن کو تباہ کرنے کے لئے سماج دشمن عناصر سرگرم ہوگئے ہیں۔ غذر کے عوام کو اپنے صفوں میں اتحاد و اتفاق برقرار رکھنے کی ضرورت ہے ۔ مشترکہ دفاع کے زریعے دشمن کے عزائم ناکام بنائے جاسکتے ہیں ۔ غذر کے عوام نے اپنے حفاظت خود کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔ عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قیام امن اور عوام کی جان و مال کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک کردار ادا کریں ۔ صرف عوام کو ممکنہ دہشت گردی سے آگاہ کرناکافی نہیں ہوگا ۔ سیکورٹی ایجنسیز کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک دشمن عناصر اور دہشت گردوں کی نشاندہی کریں عوام حکومت کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے ۔ ضلع غذر میں اٹھارہ ہزار سے زائد ریٹائرڈ فوجی جوان موجود ہیں جو کہ کسی بھی قسم کی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے بھر پور کردار ادا کرسکتے ہیں ۔ قائم مقام ڈی سی غذر نوید احمد نے کہا کہ حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ سے غافل ہر گز نہیں ہے سیکورٹی خدشات ضرورہیں لیکن ہم عوام کے مدد سے ہر قسم کی تخریب کاری کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ عوام نے اپنے صفوں میں موجود کالی بھیڑوں کو بے نقاب کرنا ہے ۔دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے عوام کی بھر پور حمایت اور تائید حکومت کے ساتھ ہونی چاہیے

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button