متفرق

گلگت : دفعہ 144کا نفاذ، سب ڈویژن گلگت کی حدو د میں جلسے جلوسوں، بلااجازت سرکاری اور خالصہ سرکار کی اراضی پر تعمیراتی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی

گلگت ( پ ر) سب ڈویژنل مجسٹریٹ گلگت خرم پرویز کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک حکم نامے کے تحت دفعہ 144کا نفاذ کرتے ہوئے سب ڈویژن گلگت کی حدو د میں بلااجازت سرکاری اور خالصہ سرکار کی اراضی پر تعمیراتی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس حکم نامے کا اطلاق باقاعدہ سرکاری احکامات کے تحت سرکاری اراضی پر تعمیرات کا کام کرنے والے ٹھیکیداروں پر نہیں ہوگا۔ اس حکم نامے کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق اس حکم نامے کا اطلاق سکارکوئی، کونوداس، قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی ایریا، چھلمس داس، فیض آباد، نومل ، سونی کوٹ، کشروٹ، برمس، نگرل، خومر، جوٹیال، سکوار، مناور، بسین کھاری ، جاگیربسین، کارگاہ، ہینزل، ، ہیلتر، شیمی، چاروگار، بارگو بالا، بارگو پائین، شروٹ، شکیوٹ، امپھری سے لیکر بسین کھاری تک دریائے گلگت کے کنارے، نیو چائینہ پل، تھپ چر، ، کارگاہ نالے کے دونوں کناروں، ؑ عثمان آباد، بسین شوٹی سے لے کر گلمی کائی آر سی سی پل کے علاقوں میں ہر قسم کی خلاف قانون تعمیراتی سرگرمیوں پرہوگا۔ سب ڈویژنل مجسٹریٹ کے دفتر سے جاری حکم نامے کے مطابق اس طرح کی غیر قانونی سرگرمیوں سے نقص امن کا اندیشہ ہے جس کے نتیجے میں لوگوں کی جان و مال کا نقصان ہو سکتا ہے۔ اس قانون کے نفاذ کا مقصد کسی بھی طرح کے نقص امن کے خدشے کو کم کرنا ہے۔ اس حکم نامے کے تحت ان علاقوں میں شجر کاری ، بلاسٹنگ ، پتھروں کی ڈھلائی، ریت و بجری کے نقل و حمل یا کسی بھی طرح کے تعمیراتی سامان کی منتقلی پر پابندی ہوگی۔ ان علاقوں میں دفعہ 144کا اطلاق 28فروری تک رہے گا۔ سب ڈویژنل مجسٹریٹ گلگت کے دفتر سے جاری ایک اور حکم نامے کے تحت گلگت سب ڈویژن کی حدود میں دفعہ 144کے تحت جلسے جلوسوں کے انعقاد ، مظاہروں، اسلحہ کی سرعام نمائش، عوامی مقامات پر تقاریر یا ٹیپ ریکارڈر پر ریکارڈ شدہ تقاریر کے نشر کرنے ، لاوڈ سپیکر کے استعمال اور قابل اعتراض لٹریچر یا مواد کی تقسیم پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس حکم نامے کا اطلاق بھی 28فروری تک ہوگا۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button