تعلیم
اشکومن: انٹرکالج چٹورکھنڈ کی عمارت دس سالوں سے نامکمل
اشکومن(کریم رانجھا) انٹرکالج چٹورکھنڈ کی عمارت دس سالوں سے نامکمل،ایک سال قبل پی سی ون ریوائز ہوچکا لیکن کام پھر بھی شروع نہ ہوسکا۔ا یف جی انٹر کالج چٹورکھنڈ کی عمارت کو 2007میں مکمل ہونا تھالیکن محکمہ تعمیرات کی نااہلی کے باعث کالج کی عمارت گزشتہ دس سالوں سے نامکمل ہے۔گزشتہ سال عمارت کا پی سی ون ریوائز ہوچکا ہے لیکن اب تک تعمیر کا کام شروع نہ ہوسکا۔ کالج میں اس وقت 200کے قریب طلبہ وطالبات زیر تعلیم ہیں جن میں زیادہ تعداد طالبات کی ہے۔کالج میں صرف ایک واش روم ہے،چاردیواری سرے سے موجود ہی نہیں جبکہ بیشتر کلاس رومز کی چھت نہیں ڈالی گئی ہے۔کلاس رومز کی کھڑکیوں میں شیشے نہیں لگے ہیں نیز بجلی کا بھی کوئی بندوبست نہیں۔طلبہ وطالبا ت انتہائی کسمپرسی کی حالت میں سلسلہ تعلیم جاری رکھے ہوئے ہیں۔تیس ہزار کی آبادی پر مشتمل تحصیل اشکومن کے واحد کالج کی صورتحال انتہائی دگرگوں ہے لیکن محکمہ خاموش تماشائی ہے۔
عوام علاقہ نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور چیف انجینئر سے مطالبہ کیا ہے کہ خصوصی دلچسپی لے کر عمارت کو مکمل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔