سیاست

پانامہ کیس کے فیصلے سے ثابت ہوگیا کہ شریف خاندان آئین اور قانون سے بالاتر ہے،سعدیہ دانش ترجمان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان

گلگت(خبرنگارخصوصی)پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ پانامہ کیس کے فیصلے نے پیپلز پارٹی کے موقف پرمہر تصدیق ثبت کردی اورثابت ہو گیا کہ شریف خاندان ماوراء آئین و قانون ہے۔آج کے فیصلے نے ثابت کیا ہے کہ آصف زرداری سیاست کے بے تاج بادشاہ ہیں اور وسیع بصیرت رکھتے ہیں۔پاکستان کی تاریخ میں حمود الرحمان،اصغر خان،ایبٹ آباد اور ماڈل ٹاون سمیت اب تک جتنی بھی جے آئی ٹیز اور تحقیقاتی کمیشن بنے ہیں انکا نتیجہ قوم نے دیکھا ہے۔

جمعرات کے روز انہوں نے پانامہ کیس کا فیصلہ آنے پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ جو ادارے وزیر اعظم کے ماتحت ہیں وہ ان کے خلاف کیا تحقیقات کریں گے۔جب تک نوازشریف استعفیٰ نہیں دینگے تب تک شفاف تحقیقات محض ایک ڈھونگ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اب جے آئی ٹیز کی نہیں واضح اور دوٹوک فیصلوں کی ضرورت ہے۔وزیراعظم کو اخلاقی جرآت کا مظاہرہ کر کے فوراً استعفیٰ دینا چاہئے،پاکستانی قوم کی عدالت میں وہ نااہل ہو چکے ہیں۔

سعدیہ دانش نے کہا کہ نواز شریف جو یوسف رضاگیلانی کے کیس میں بہت زور شور سے استعفے کا مطالبہ کر رہے تھے آج کس جواز کی بنیاد پر اقتدار سے چمٹے ہوئے ہیں۔ حالانکہ دو ججوں نے واضح طور پر فیصلہ لکھ دیا ہے کہ وزیراعظم صادق اور امین نہیں رہے اور باقی تین ججوں نے محض اختلافی نوٹ لکھا ہے کہ مزید تحقیقات کی ضرورت ہے اور جے آئی ٹی تشکیل دی جائے۔انہوں نے کہا کہ پانامہ کے نام پر قوم سے مذاق کیا گیا ہے،وزیراعظم کی انکوائری کے لئے جے آئی ٹی بنانا ملک کی بدنامی کا باعث ہے اور اس پر مٹھائیاں بانٹے کے بجائے سوگ منانا چاہئے۔جے آئی ٹیز دراصل کسی بھی معاشرے میں کس بڑے جرم کے ارتکاب پر مجرم کے خلاف بنائی جاتیں ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button