صحت

Scaling Up Nutrition گلگت یونٹ کا باقاعدہ آغاز

گلگت ( پ ر) محکمہ پلاننگ و ڈیولپمنٹ حکومت گلگت بلتستان اور UNICEF کے زیر اہتمام گلگت کے ایک مقامی ہوٹل میں Scaling Up Nutrition گلگت یونٹ کے باقاعدہ آغاز کے لیے تقریب منعقد ہوئی ۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلی گلگت بلتستان حفیظ الرحمن تھے۔ پلاننگ ڈپارٹمنٹ اور صوبائی حکومت کی جانب سے اس یونٹ کے قیام کا مقصد تمام حکومتی اداروں ، سول سوسائٹی ، UNنیٹ ورک کے تمام ڈونرز اور دیگر ترقیاتی ایجنسیوں کے ساتھ مل کے صوبے میں غذائیت کے معیار اور اس بارے شعور کو بہتر بنانے میں مدد دینا ہے۔ تقریب سے خطاب ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمن نے کہا کہ قومی سطح پر عالمی اداروں کے ساتھ تعاون کے تسلسل میں صوبائی حکومت پلاننگ ڈپارٹمنٹ کے زیر اہتمام SUN Unit کا قیام عمل میں لیکر آئی ہے اور اس کو ایک باقاعدہ سیکریٹریٹ کا درجہ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں نیوٹریشن سے متعلق تمام اداروں نے بھرپور طریقے سے کام شروع کر دیا ہے اور صوبائی ADPمیں فنڈز بھی مختص کیئے جا چکے ہیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں بالعموم اور گلگت بلتستان میں خصوصا نیوٹریشن کی کمی پر قابو پانے کے سلسلے میں مختلف دشواریوں کا سامنا ہے۔ یہ امر پریشان کن ہے کہ گلگت بلتستان میں پانچ سال کی عمر سے کم53فی صد بچے غذائیت کی دائمی کمی کا شکا ر ہیں۔اب تک غذائیت کی کمی اس سے وابستہ مسائل کو محکمہ صحت کی زمہ داری سمجھا جا تا تھا لیکن ریسرچ نے ثابت کردیا ہے کہ اس کی وجوہات کثیرالجہتی ہیں جن سے نبرد آزما ہونے کے لیئے تمام اداروں کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان نے تقریب میں شریک UNICEFاور دیگر عالمی اداروں کے نمائیندوں کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ ان عالمی اداروں کے تعاون سے جلد اس مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ تقریب سے چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ڈاکٹر کاظم نیاز نے بھی خطاب کیا اور اس عزم کا اظہار کیا ہے گلگت بلتستان میں سرکاری ادارے اس مسئلے پر قابو پانے اور بہتر شعور اجاگر کرنے کے لیئے کلیدی کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار بھی کیا کہ غذائیت کی کمی سے نشونماء متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ معیشت بھی نمایاں طور پر متاثر ہورہی ہے جس کی شرح GDPمیں سالانہ 3فی صد گراوٹ کے لگ بھگ ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ یہ بات روز روشن کی طر ح عیاں ہے کہ آج ہم اپنی نسلوں پر سرمایہ کاری کریں تو آنے والی تمام نسلیں صحت مند اور تندرست ہونگی جو کہ ملکی ترقی میں تیزی اور خوشحالی کا سبب بن سکتی ہیں۔ چیف سیکریٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے بھی عالمی اداروں خصوصا UNICEFکے تعاون کا شکریہ ادا کیا جن کی مالی و تکنیکی معاونت کے باعث یہاں پر SUNیونٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ اس سے قبل تقریب کے آغاز میں سیکریٹری پلاننگ و ڈیولپمنٹ بابر امان بابر نے مہمان خصوصی وزیر اعلی گلگت بلتستان حفیظ الرحمن ، UNICEF کی پاکستان میں نمائیندہ مسز انجیلا کرنی ا اور دیگر مہماناں گرامی کا تقریب میں شرکت پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تقریب کے شرکاء کو National Nutrition Survey 2011کے تناظر میں گلگت بلتستان میں غذائیت کی کمی کی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا اور اس بارے میں شرکاء کو ایک تفصیلی اور جامع بریفنگ بھی دی۔ چیف نیوٹریشنسٹ ، پلاننگ کمیشن آف پاکستان اسلم شاہین نے بھی تقریب میں خصوصی شرکت کی اور خطا ب کرتے ہوئے عالمی اور ملکی سطح پر غذائیت کے حوالے سے کیئے جانے والے اقدامات اور عالمی اداروں کے تعاون پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور اس کے زیلی اداروں کی جانب سے کی جانے والی کاوشوں کی بدولت اس سلسلے میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے ، انکا مزید کہنا تھا کہ ماں اور بچے کی صحت اور نیوٹریشن میں مزید بہتری لانے کے لیئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ تقریب سے UNICEFکی پاکستان میں نمائیندہ انجیلا کرنی نے بھی خطاب کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کا ادارہ حکومت پاکستان اور گلگت بلتستان سے خصوصی تعاون جاری رکھے گا۔ سیکریٹری صحت گلگت بلتستان سعید اللہ خان نیازی نے بھی اس مسئلے کے حل اور عوامی سطح پر شعور کو اجاگر کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ محکمہ صحت دیگر تمام صوبائی اداروں کے ساتھ تعاون کو مزید آگے بڑھائے گا۔ پروگرام کنسلٹنٹ برائے SUNیونٹ گلگت بلتستان ڈاکٹر نادر شاہ نے شرکاء کو اپنے پروگرام کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے اسکے اغراض ومقاصد اور کارکردگی کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ فروری 2017میں اس پروگرام کے صوبائی سطح پر آغاز کیئے جانے کے بعد ان کی ٹیم نے سیکریٹری پلاننگ کی سربراہی میں اہم اہداف حاصل کرلیئے ہیں اور صوبائی ADPمیں نیوٹریشن کے Componentکو شامل کروایا ہے جس کے دور رس نتائج نکلیں گے۔ انہوں نے تقریب میں شامل سول سوسائٹی اور دیگر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے شرکاء کو بتایا کہ عالمگیرسطح پر غذائیت کے حوالے سے کیئے جانے والے کام کو SUN MOVEMENTکا نام دیا گیا ہے اور عالمی ادارے دنیا بھر میں اس سلسلے میں کام کررہے ہیں۔ پاکستان نے بھی قومی سطح پر اس پروگرام کو 2013میں شروع کیا گیا تھا اور وفاق سمیت صوبوں کی سطح پر SUN Secretariat قائم کرنے پر رضا مندی ظاہر کی تھی۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button