اہم ترینخبریں

پرنس کریم آغا خان کی آمد کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے گلگت میں اعلی سطحی اجلاس، تمام محکموں کو مثالی انتظامات کی ہدایت

گلگت ( پ ر) سیکریٹری داخلہ گلگت بلتستان کی زیر صدارت ایک اعلی سطحی اجلاس میں اسماعیلی برادری کے روحانی پیشواء پرنس کریم آغا خان کے دورہ گلگت بلتستان کے حوالے سے انتظامات پر غور کیا گیا اور اہم فیصلے کیئے گئے۔ اس اجلاس میں کمشنر گلگت بلتستان سبطین احمد، سیکریٹری اطلاعات فدا حسین، ایڈیشنل کمشنر کمال خان، ڈپٹی کمشنر گلگت محمد حمزہ سالک، ڈپٹی کمشنر استور ندیم ناصر، ڈپٹی سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ محب الحسن اور دیگر انتظامی افسران نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں مختلف اضلاع میں کیئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور کئی اہم فیصلے بھی کیے گئے۔ سیکریٹری داخلہ نے افسران کو ہدایت کی کہ پرنس کریم آغا خان کے دورہ کے موقع پر مثالی انتظامات کیئے جائیں ۔

اس سلسلے میں سیکریٹری خوراک کو ہدایت کی گئی ہے کہ ضلع غذر میں یاسین کے تمام سیلز پوائنٹ پر ہزار اضافی بوریوں کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو کسی بھی ممکنہ مشکل سے بچایا جا سکے۔

اجلاس کے دوران محکمہ تعلیم کو ہدایت جاری کی گئی کہ متعلقہ علاقوں میں سکولوں کی صفائی اور مہمانوں کی رہائش کے لیئے انتظامات کیے جائیں۔

علاوہ ازیں محکمہ صحت کو دوائیوں کی دستیابی کو یقینی بنانے کا حکم بھی دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ علاقوں میں میڈیکل سنٹرز قائم کیے جائیں۔

اس کے علاوہ ریسکیو 1122کو ہدایت دی گئی ہے کہ کسی بھی طرح کی ناگہانی صورتحال کا سامنا کرنے کے لیے ان کا تمام عملہ اور مشینری مستعدی سے تیار رہیں۔

آمدو رفت میں اضافے کو مد نظر رکھتے ہوئے مسافروں کی سہولت کی خاطر پیٹرول پمپس کو اضافی سٹاک تیار رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

سڑکوں کی صفائی اور ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لیئے متعلقہ حکام کو بھی زمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

پرنس کریم آغا خان کی آمد کے حوالے سے حتمی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے پیر کے روز چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ڈاکٹر کاظم نیاز کی زیر صدارت ایک اور اجلاس منعقد ہوگا ۔ اس اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ہنزہ اور ضلع غذر کے علاوہ گلگت، ہنزہ اور غذر کے ریجنل کونسلز کے صدور بھی خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔ اجلاس میں تمام محکموں کی ذمہ داریوں کے حوالے سے آگاہ کرنے کے لیے تمام محکموں کے سربراہان بھی شریک ہونگے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button