صحت

گلگت بلتستان میں نیشنل نیوٹریشن سروے2018کا آغاز

گلگت (نامہ نگار)آغاخان یونیورسٹی ، یونیسف،DFIDاور وزارت صحت حکومت پاکستان کے باہمی اشتراک سے ملک بھرکی طرح گلگت بلتستان میں بھی نیشنل نیوٹریشن سروے2018کا آغاز کردیا گیا۔ سروے کامقصد خواتین ،بچوں اور نوبالغان میں غذائیت کی کمی سے متعلق مسائل ،گھریلوے سطح پر دستیاب خوراک اور پینے کے پانی کے معیارکو جانچنے کے علاوہ حفظان صحت کے اصولوں سے متعلق موصولہ معلومات پرتحقیق کے ذریعے صحت کے شعبے میں بہتری کی غرض سے ایک جامع حکمت عملی مرتب کرنا ہے۔

 سروے کے دوران آغاخان یونیورسٹی کی جانب سے تربیت یافتہ ٹیمیں گلگت بلتستان کے کم وبیش چھ ہزار افرادسے گھرگھر جاکر مطلوبہ معلومات اکھٹی کریگی۔ جبکہ اس دوران تحقیق کی غرض سے بچوں اور خواتین سے خون ، پیشاپ اور پینے کے پانی کے نمونے بھی لئے جائیں گے۔

 ہفتہ کے روز گلگت میں نیشنل نیوٹریشن سروے ٹیموں کے لئے منعقدہ تربیتی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سکریٹری صحت گلگت بلتستان سعیداللہ خان نیازی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں خصوصاً خواتین اور بچوں میں بڑھتی ہوئی بیماریوں کی روک تھام کے لئے حکمت عملی کے سلسلے میں نیشنل نیوٹریشن سروے کا انعقاد ایک مستحسن اقدام ہے جس کے ذریعے حکومت اور صحت کے شعبے میں کام کرنے والے اداروں کو مستقبل کی حکمت عملی کے لئے ایک بہترین اور معیاری قسم کا ڈیٹا ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں غذائیت کی کمی سے زیادہ متوازن غذا کے استعمال کے حوالے سے لوگوں میں شعورکی کمی ایک اہم مسئلہ ہے جس سے معمولی بیماریاں بھی پیچیدہ صورت اختیار کرلیتی ہیں۔ انہوں نے مذید کہا کہ جی بی میں ہاٹ اٹیک اور خواتین میں خون کی کمی سے متعلق بیماریوں میں بڑھتے ہوئے اضافے کے پیش نظر محکمہ صحت کی جانب سے رواں سال کے بجٹ میں نان کمیونیکیبل بیماریوں کے حوالے سے سروے کے لئے خصوصی فنڈ مختص کئے گئے ہیں تاکہ سروے سے حاصل شدہ نتائج کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جاسکے۔ انہوں نے اپنی اور محکمہ صحت کی جانب سے آغاخان یونیورسٹی کی سروے ٹیموں سے ہرممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے سروے میں حصہ لینے والے نوجوانوں پر زوردیا کہ وہ اس اہم سروے کو ایک قومی فریضہ سمجھ کر ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ نبھانے میں اپنی کوششیں بروئے کارلائیں تاکہ اس سے قوم کی بھلا ہوسکے۔

 اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے آغاخان یونیورسٹی کے سنٹرآف ایکسلینس ان ویمن اینڈ چایلڈ ہیلتھ کے بانی ڈائریکٹر معروف ماہرغذائیت پروفیسرڈاکٹرذوالفقار اے بھٹہ نے کہا کہ نیشنل نیوٹریشن سروے ملکی تاریخ میں اپنی نوعیت کا ایک اہم اور وسیع سروے ہے جس میں ملک بھرسے سوالاکھ اور گلگت بلتستان سے چھ ہزار لوگوں سے گھرگھرجاکرغذائیت سے متعلق معلومات حاصل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سروے میں خواتین اور بچوں کے علاوہ نوبالغ افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ بہتر سے بہتر نتائج حاصل کئے جاسکیں۔
یاد رہے کہ اس سروے کے انعقاد کے لئے منتخب ٹیموں کو آغاخان یونیورسٹی کے ماہرین کے زیرنگرانی گلگت میں ایک ہفتے کی تربیتی ورکشاپ کے بعد سروے پر عملی کا آغاز کیا جائیگا۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button