اہم ترینجرائمخواتین کی خبریں

سوشل میڈیا انفلوئنسر صوفیہ پروین کا سابق شوہر پر قتل کی کوشش اور ہراسانی کا الزام، پولیس کارروائی نہ ہونے کا شکوہ

چترال (مانیٹرنگ ڈیسک) سوشل میڈیا انفلوئنسر صوفیہ پروین نے پاکستان تحریک انصاف کے کارکن اور لوئر چترال سے ایم پی اے کے قریبی ساتھی اظہار دستگیر پر جان سے مارنے کی کوشش اور مسلسل ہراسانی کا الزام عائد کیا ہے۔

صوفیہ پروین نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ دو روز قبل دو نامعلوم افراد ان کے گھر میں زبردستی داخل ہوئے تاہم پڑوسیوں کی مداخلت پر فرار ہو گئے۔ ان کے مطابق یہ حملہ سابق شوہر اظہار دستگیر کی ایما پر کیا گیا۔

صوفیہ پروین کے مطابق انہیں سابق شوہر کی جانب سے پہلے بھی دو مرتبہ قتل کی کوششوں اور مسلسل ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا، جس پر انہوں نے 18 اگست 2023 کو مقدمہ درج کرایا، جس کے نتیجے میں اظہار دستگیر کو گرفتار بھی کیا گیا۔ تاہم، مذہبی اور بااثر مقامی شخصیات کی ضمانت پر رہائی کے بعد صوفیہ کے مطابق سابق شوہر نے دوبارہ بلیک میلنگ کا سلسلہ شروع کیا۔

صوفیہ پروین نے اپنے پوسٹ کے ساتھ بہت ساری کاغذات بھی پوسٹ کی ہیں۔

صوفیہ پروین نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں مزید کہا ہے کہ انہوں نے نومبر 2023 میں عدالت سے دوبارہ رجوع کیا اور جون 2024 میں عدالت نے ان کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے مہر، بیٹی کے نان نفقہ اور دیگر اخراجات کی مد میں 20 لاکھ روپے کی ادائیگی کا حکم دیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عدالتی فیصلے کے باوجود اظہار دستگیر نے احکامات پر عمل درآمد نہیں کیا اور بیٹی کی حوالگی کے لیے نئی درخواست دائر کر کے ان پر مزید دباؤ ڈالنے کی کوشش کی، لیکن عدالتی پیشیوں میں شریک نہ ہوا۔

صوفیہ پروین نے الزام لگایا کہ نومبر 2024 میں عدالت نے ملزم کا شناختی کارڈ بلاک کیا اور فروری 2025 میں اس کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے، مگر دروش پولیس تاحال گرفتاری میں ناکام ہے۔ ان کے مطابق اظہار دستگیر کھلے عام گھوم رہا ہے اور ایم پی اے فتح الملک ناصر کی سرپرستی کی وجہ سے پولیس کارروائی سے محفوظ ہے۔

دوسری جانب اظہار دستگیر نے ان تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے انہیں جھوٹا اور سیاسی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ذاتی اور خاندانی معاملہ ہے جو عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button