سیاستمتفرق

حفیظ الرحمن جعلی نوٹیفیکیشنز کے ذریعے ن لیگ میں اپنا ذاتی گروپ تشکیل دے رہا ہے، انجینئر انور

 مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کے سنئیر رہنما و وزیر زراعت انجینر محمد انور نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ خود ساختہ صدر قاری حفیظ الرحمن کن اختیارات کی روشنی میں بلتستان ڈویژن سے تنظیم کی مختلف شاخوں کے عہدوں پر تعیناتی کی نوٹیفکیشن کرتا ہے ؟ ہمارے نزدیک وہ کئی سالوں سے مسلم لیگ (ن ) گلگت بلتستان کے باقاعدہ صدر نہیں تھے لیکن موصوف اپنی زبانی کئی اخباری انٹرویوز میں اس بات کا اعتراف کر چکے ہیں کہ وہ دسمبر 2023 تک پارٹی کے صدر ہیں مگر اب تو حد ہی پار کر گئے ، اپنی بات کی خود نفی کرتے ہوئے ایک دفعہ پھر 2024 کے آغاز پر بلتستان ڈویژن و دیگر علاقوں میں تنظیم کے عہدیداروں کی جعلی نوٹیفکیشن کا کارنامہ انجام دے چکے ہیں جو کہ غیر قانونی ہے اور پارٹی دستور کی خلاف ورزی ہے۔ 

انجینئر انور نے مزید کہا ہے کہ قاری صاحب دوسروں کو گونگا ،بہرہ اور بیوقوف سمجھتے ہیں اور حیرت اس بات پر ہے کہ جن لوگوں کی جعلی نوٹیفکیشن ہوئی ہیں وہ بھی موصوف کے فریب میں آتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ( ن) گلگت بلتستان کا اس وقت کوئی باقاعدہ صدر موجود نہیں ہے اور مرکزی قیادت کیجانب سے بہت جلد تنظیم سازی ہونی ہے تب تک قاری صاحب غیر قانونی نوٹیفیکشنز نہیں کر سکتے ہیں ، اس سارے عمل کو ہم یہ سمجھتے ہیں کہ حفیظ الرحمن صوبہ بھر میں اپنا ذاتی گروپ تو تشکیل دے رہا ہے مگر پارٹی کے عہدیدار نہیں اور نہ ہی یہ پارٹی کی کوئی خدمت ہے ۔

وزیر زراعت نے مزید کہا کہ حاجی گلبر خان ہمارا ٹیم لیڈر ہے اور مسلم لیگ (ن) کے تینوں اراکین اسمبلی وزیر اعلی صاحب کے ساتھ بہترین ریلیشن کے ساتھ نظام حکومت میں شامل ہیں ایسے میں قاری حفیظ الرحمن کی جانب سے باہر بیٹھ کر ڈکٹیشن دینے کی ضرورت نہیں ہے ، حفیظ الرحمن کی جانب سے وزیر اعلی کے خلاف بیان بازی محض ذاتی مفادات کے حصول میں ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، حفیظ الرحمن ریفارم کمیٹی کے چیئرمین بننے کے امیدوار تھے اور اپنی سی وی لیکر کئی دفعہ وزیر اعلی سے استدعا کر چکے ہیں مگر انہیں ریفارم کمیٹی کا چیئرمین نہیں بنانے پر سیخ پا ہیں اور بہکی بہکی باتیں کر رہے ہیں ۔۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button