اہم ترینصحت

حفظ ماتقدم: گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے بچاو کے لئے خصوصی مراکز قائم کرنے کا فیصلہ

گلگت ( پ ر) چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کیپٹن ریٹائرڈمحمد خرم آغاء کی ہدایات کی روشنی میں صوبے میں کورونا وائزس کے ممکنہ پھیلاؤ سے بچنے کے لیے خصوصی مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

میڈیا کو جاری ایک بیان میں سیکریٹری اطلاعات گلگت بلتستان فدا حسین نے کہا کہ الحمد اللہ گلگت بلتستان اب تک اس بیماری سے کسی صورت متاثر نہیں اور کوئی کیس بھی رپورٹ نہیں ہوا ہے، تاہم حفظ ماتقدم کے طور پر صوبائی حکومت حفاظتی اقدامات کو ممکن بنا رہی ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورت حال کا مقابلہ کیا جا سکے۔

اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں گلگت ریجن اور بلتستان ریجن میں ہسپتالوں اور طبی مراکز کو مکمل طور پر تیاری کی حالت میں رکھنے کے احکامات جاری کیئے جا چکے ہیں۔ سیکریٹری اطلاعات نے صوبائی حکومت کی جانب سے کی جانے والی تیاریوں سے آگاہ کرتےہوئے بتایا کہ محمد آباد دنیور میں تیس بستروں پر مشتمل ہسپتال میں سات کمرے کورونا کے ممکنہ طور پر متاثرہ مریضوں کے لیئے خصوصی طور پر مختص کر دیئے گئے ہیں، اسی طرح بسین ہسپتال میں بھی سات خصوصی کمرے مختص کیے جا چکے ہیں۔ بلتستان میں بےنظیر بھٹو شہید میموریل ہسپتال میں بھی پانچ کمروں کو خصوصی آئسولیشن رومز قرار دیا جا چکا ہے، مزید برآں سکردو میں ہی ایچ آر ڈی سی کی عمارت میں بھی دس خصوصی وارڈز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے تاکہ ہنگامی صورت حال پیدا ہونے کی صورت میں فوری اقدامات کیئے جا سکیں۔

صوبے میں کورونا وائرس کی بیماری کی روک تھام کے لیئے ڈاکٹر شاہ زمان کو فوکل پرسن بھی مقرر کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیف سیکریٹری کی ہدایات کی روشنی میں ایک خصوصی کمیٹی بھی ان حفاظتی اقدامات کی کڑی جانچ کر رہی ہے۔ سیکریٹری صحت راجہ رشید علی خان اور ہوم سیکریٹری گلگت بلتستان کی سربراہی میں قائم کمیٹی نےمحکمہ صحت کے زیر انتظام مختلف ہسپتالوں اور طبی مراکزکا دورہ کیا اور تیاریوں کی جانچ پڑتال بھی کی ہے۔

سیکرٹری اطلاعات گلگت بلتستان نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ چین کے بعد ایران اور افغانستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن کے اس جدید دور میں افواہیں عوام میں بے چینی پیدا کر سکتی ہیں جن پر پقین کرکے پریشان ہونے کہ ہر گز ضرورت نہیں۔ چیف سیکریٹری کی ہدایات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے محکمہ صحت گلگت بلتستان نے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں، خدانخواستہ کسی بھی مشکل صورت حال سے نمٹنے کے لیے گلگت اور بلتستان ریجن میں خصوصی تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button